Tuesday, September 09, 2025
 

دنیا بھر میں اسکولوں پر حملوں میں 44 فیصد اضافہ تشویشناک ہے، وزیراعلیٰ سندھ

 



وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یومِ تحفظِ تعلیم پر پیغام میں کہا ہے کہ دنیا بھر میں اسکولوں پر حملوں میں 44 فیصد اضافہ تشویشناک ہے۔ مراد علی شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ تعلیم پر حملہ انسانیت پر حملہ ہے، چاہتے ہیں کہ کوئی بچہ اپنی جان خطرے میں ڈال کر اسکول جانے پر مجبور نہ ہو، سندھ حکومت بچوں کو محفوظ تعلیمی ماحول دینے کے لیے پرعزم ہے۔  مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان "Safe Schools Declaration" پر مکمل عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے، تعلیم صرف فرد کی نہیں بلکہ پوری قوم کی ترقی کی بنیاد ہے، دنیا بھر میں تعلیمی اداروں پر حملے بڑھتے جا رہے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق 2024ء میں بچوں کے خلاف 41 ہزار سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے، دنیا بھر کے ممالک، اداروں اور اقوامِ متحدہ کے ساتھ کھڑا ہوں، بچوں کو جنگ اور دہشت گردی کا شکار بنانے کے بجائے قلم دیا جائے۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے تحفظ تعلیم کے عالمی دن پر پیغام میں کہا کہ تعلیم پر حملہ دراصل انسانیت اور مستقبل پر حملہ ہے، 9 ستمبر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ تعلیم کا چراغ بجھنے نہیں دینا۔ انہوں نے کہا کہ اسکول، اساتذہ اور طلبہ کا تحفظ دنیا کی اجتماعی ذمہ داری ہے، تعلیم کو ہر حال میں جنگ، انتہا پسندی اور تشدد سے محفوظ رکھنا ہوگا، ترقی، امن اور خوشحالی کا راستہ صرف محفوظ تعلیم سے گزرتا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل