Tuesday, September 09, 2025
 

اے این ایف نے 113 کلو گرام آئس برآمد کرکے بڑی ڈرگ ٹریفکنگ آرگنائزیشن کو بے نقاب کر دیا

 



قابلِ بھروسہ انٹیلی جنس پر کارروائی کرتے ہوئے اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے گوادر میں 113 کلوگرام میتھ ایمفیٹامائن (آئس) ایک ریفریجریٹر ٹرک ٹریلر سے برآمد کر لی۔ ترجمان نے بتایا کہ اے این ایف ایک مؤثر، مستعد اور پرعزم انداز میں ڈرگ ٹریفکنگ آرگنائزیشنز (DTOs) کے خلاف کامیاب کارروائیاں کر رہی ہے جو جدید اور پیچیدہ طریقوں سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دھوکہ دینے کی کوشش کرتے ہیں۔ اے این ایف واشوک میں  سرگرم عمل ڈر،گ ٹریفکنگ آرگنائزیشن کی مسلسل نگرانی کر رہی تھی، جس کی قیادت وشوک کا رہائشی حاجی شبیر بلوچ  کر رہا تھا یہ تنظیم چاغی سے خاران تک منشیات اسمگل کرنے اور پھر انہیں مغربی مکران ساحلی پٹی اور کراچی کے راستے بین الاقوامی منڈیوں تک پہنچانے میں شامل تھی۔ انٹیلیجنس رپورٹس میں انکشاف ہوا کہ نیٹ ورک نے بڑی مقدار میں آئس کراچی منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا، جسے ایک خالی ریفریجریٹر ٹرک ٹریلر میں چھپایا جانا تھا۔ گوادر میں مسلسل نگرانی کے بعد اے این ایف نے اس ٹرک کی نقل و حرکت کو ٹریس کیا۔ یہ ٹرک کوئٹہ کا رہائشی محمد آصف، جو گروہ کا بھروسہ مند کیریئر تھا، چلا رہا تھا۔ ٹرک کو حکمتِ عملی کے تحت کراس، گوادر پر روکا گیا۔ ٹرک کی تفصیلی تلاشی کے دوران ڈرائیور کی سلیپر برتھ اور ٹرک کے ٹول باکس کے درمیان خفیہ خانہ دریافت ہوا، اس خانے  سے کل 113 کلوگرام میتھ ایمفیٹامائن (آئس) برآمدگی کرلی گئی۔ گرفتار ملزم، برآمد شدہ منشیات اور ضبط شدہ ٹرک سمیت، مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی کے لیے اے این ایف پولیس اسٹیشن گوادر منتقل کر دیے گئے ہیں، نیٹ ورک کے دیگر اہم اراکین کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ یہ کامیاب کارروائی اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ اے این ایف انتہائی منظم طریقے سے ڈرگ ٹریفکنگ آرگنائزیشنز کا مقابلہ کر رہی ہے جو جدید اسمگلنگ کے حربے استعمال کرتے ہیں۔ محدود وسائل کے باوجود اے این ایف نے انٹیلیجنس پر مبنی آپریشنز کے ذریعے منشیات کے نیٹ ورکس کو مؤثر انداز میں توڑا ہے اور ان کی سپلائی چین کو ٹریس کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ قومی و عسکری قیادت کی ہدایات کے مطابق اے این ایف میتھ ایمفیٹامائن (آئس) کے خلاف ملک گیر مہم بھی جاری رکھے ہوئے ہے، تاکہ اس کی اسمگلنگ کو روکا جا سکے جو تیزی سے قومی اور بین الاقوامی سطح پر شاہراہوں، بین الصوبائی راستوں، ملکی نیٹ ورکس، سرحدوں، فضائی راستوں، سمندری بندرگاہوں اور ڈرائی پورٹس کے ذریعے پھیل رہی ہے۔ اے این ایف کمیونٹی انگیجمنٹ، آگاہی مہمات اور ہدفی آؤٹ ریچ کے ذریعے اس بات کو بھی یقینی بنا رہی ہے کہ مصنوعی منشیات، خصوصاً میتھ ایمفیٹامائن (آئس)، تعلیمی اداروں میں داخل ہو کر نوجوانوں اور معاشرے کا استحصال نہ کر سکے۔ یہ آپریشن اے این ایف کی انتھک محنت، پیشہ ورانہ مہارت اور حکمتِ عملی کی عکاسی کرتا ہے، جس کا مقصد قوم کو خصوصاً نوجوان نسل کو مصنوعی منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنا ہے۔ اے این ایف اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ وہ بدستور مکمل عزم اور کارکردگی کے ساتھ منشیات فروشوں کا پیچھا کرے گی اور معاشرے اور پاکستان کی آنے والی نسلوں کو اس جان لیوا زہر سے بچائے گی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل