Tuesday, September 23, 2025
 

احسن اقبال کا بیجنگ جینومکس انسٹی ٹیوٹ کا دورہ، ادارے کا پاکستانی ماہرین کےلیے500 اسکالرشپس کا اعلان

 



وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی پہاڑوں سے بلند اور سمندروں سے گہری ہے، اب جینومکس تعاون کے ساتھ پاک چین دوستی انسانی جینوم جیسی بامعنی ہوگئی ہے۔ وزارت منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات کی طرف سے جاری بیان کے مطابق احسن اقبال نے یہ بات گوانگ ژو میں بیجنگ جینومکس انسٹی ٹیوٹ (بی جی آئی) کے ہیڈکوارٹر کے دورے کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے پاکستانی ماہرین کے لیے 500 تربیتی سکالرشپس دینے کا اعلان بھی کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ جینومکس میں تعاون پاک چین دوستی میں نیا باب ہے، دونوں ممالک سڑکیں اور بجلی گھر بنانے سے آگے بڑھ کر زندگی کے بنیادی نقشہ کو سمجھنے کی طرف جا رہے ہیں، سی پیک 2.0 جینومکس اور بایوٹیکنالوجی کے ذریعے صحت، غذائی تحفظ اور جدت پر مبنی روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعاون صرف بیماریوں کے علاج تک محدود نہیں بلکہ دونوں ممالک میں خوشحالی کی راہ بھی ہموار کرتا ہے، پاک چین دوستی پہاڑوں سے بلند اور سمندروں سے گہری ہے ۔ احسن اقبال نے کہا کہ اب جینومکس تعاون کے ساتھ پاک چین دوستی انسانی جینوم جیسی بامعنی ہو گئی ہے ،بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو اور سی پیک کے تحت جینومکس کو محدود سہولت نہیں بلکہ عوامی نعمت بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جینومکس تعاون سے پاکستان اور چین صحت مند نسل، غذائی تحفظ اور علم پر مبنی معیشت میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں جس کے دوررس اثرات مرتب ہوں گے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل