Loading
انگلینڈ کے سابق کپتان اور معروف تجزیہ کار مائیک اتھرٹن نے تجویز دی ہے کہ آئی سی سی کو آئندہ عالمی مقابلوں میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچز شیڈول نہیں کرنے چاہئیں۔ مائیک اتھرٹن نے کہا کہ یہ تجویز ایشیا کپ کے دوران پیدا ہونے والی صورتحال کو دیکھ کر دی ہے جہاں کھیل سے زیادہ سیاسی تناؤ اور تنازعات دیکھنے میں آئے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں "کرکٹ ڈپلومیسی" دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کا باعث بنتی تھی لیکن اب ان میچوں نے کشیدگی اور پروپیگنڈے کی شکل اختیار کر لی ہے۔ مائیک اتھرٹن نے مزید کہا کہ اگرچہ پاک بھارت میچز کا مالی اثر بہت بڑا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ان کے نشریاتی حقوق تقریباً 3 ارب امریکی ڈالرز میں فروخت ہوئے، لیکن کھیل کا اصل مقصد سیاست اور نفرت نہیں ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر میچز کھیل کے فروغ کے بجائے تنازعات بڑھانے کا باعث بنیں تو بہتر ہے کہ انہیں عالمی ایونٹس کے شیڈول سے خارج کر دیا جائے۔ واضح رہے کہ پاک بھارت میچز دنیا بھر میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والے مقابلوں میں شمار ہوتے ہیں تاہم حالیہ ایشیا کپ میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف کشیدہ صورتحال دیکھنے میں آئی۔ بھارتی ٹیم نے نفرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے کا بائیکاٹ کیا جبکہ فائنل جیتنے کے بعد اے سی سی کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے بھی انکار کردیا تھا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل