Loading
پاکستان میں آج انٹرنیٹ صارفین کو سست روی یا جزوی بندش کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، کیونکہ بین الاقوامی کیبل نیٹ ورک میں مرمت کا عمل شروع ہو رہا ہے۔ پی ٹی سی ایل گروپ کے مطابق یہ کام ضروری تکنیکی مرمت کے تحت کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد انٹرنیٹ سروس کے استحکام کو یقینی بنانا ہے۔ ترجمان پی ٹی سی ایل گروپ کے مطابق بین الاقوامی کیبل کنسورشیم نے سمندر میں بچھائی گئی کیبل میں نصب اہم رپیٹر کی مرمت کا شیڈول جاری کیا ہے، جس پر آج 14 اکتوبر کو صبح 11 بجے سے کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔ مرمتی عمل تقریباً 18 گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے دوران ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار متاثر ہو سکتی ہے یا بعض علاقوں میں جزوی طور پر سروس معطل بھی رہ سکتی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ تکنیکی کام انٹرنیٹ نیٹ ورک کی بہتری اور تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے صارفین سے عارضی تکلیف پر معذرت کا اظہار بھی کیا ہے۔ پی ٹی سی ایل گروپ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کام مکمل ہوتے ہی انٹرنیٹ سروس مکمل بحال کر دی جائے گی اور صارفین کو دوبارہ بہتر رفتار فراہم کی جائے گی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل