Loading
چین نے ایک بار پھر پاکستان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوست ملک نے یقین دلایا ہے کہ امریکا کے ساتھ تعلقات سے ہمارے مفادات کو نقصان نہیں پہنچے گا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ان خیالات کا اظہار چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے معمول کی پریس بریفنگ میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کیا۔ ترجمان چینی وزارتِ خارجہ کے بقول پاکستان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ امریکا کے ساتھ تعلقات یا ممکنہ معدنیاتی تعاون سے چین کے مفادات، اسٹریٹیجک اعتماد اور دوطرفہ شراکت داری کو کسی صورت متاثر نہیں ہوگی۔ انھوں نے حال ہی میں گردش کرنے والی اُن میڈیا رپورٹس کی سختی سے تردید کی جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان نے امریکا کو ایسے معدنیاتی یا ریئر ارتھ نمونے دکھائے جو چین کے حساس منصوبوں یا مفادات سے متعلق ہوسکتے ہیں۔ چین کے ترجمان نے مزید کہا کہ یہ رپورٹس پاک-چین دوستی کو کمزور کرنے کی ناکام کوشش ہے۔ ایسی خبریں یا تو غلط معلومات پر مبنی ہیں یا جان بوجھ کر پھیلائی گئی ہیں تاکہ پاکستان اور چین کے درمیان بداعتمادی پیدا کی جائے۔ ترجمان چینی سزارت خارجہ نے ان افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی امریکا کو دکھائے گئے جن معدنیات کا زکر کیا جا رہا ہے وہ چین کے کسی منصوبے سے منسلک نہیں ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین ایک دوسرے کے سدا بہار اسٹریٹیجک شراکت دار ہیں۔ہماری آہنی دوستی ہر آزمائش میں پوری اتری ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے حکومتی پالیسی بیان کرتے ہوئے واضح کیا کہ چین کے حالیہ ریئر ارتھ ایکسپورٹ کنٹرول اقدامات کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔ ترجمان چینی وزارت خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ یہ اقدام دراصل چین کے اپنے برآمدی کنٹرول کے نظام کو قوانین اور ضوابط کے مطابق بہتر کرنے کے لیے اُٹھایا گیا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل