Loading
راولپنڈی کی گنجمنڈی پولیس نے موثر کارروائی کی جس کے دوران ایک ہفتہ قبل دکان سے ایک کروڑ روپے کی چوری کا ڈراپ سین ہوگیا اور دکان کا اپنا ملازم ہی چور نکلا۔ پولیس کے مطابق ایک ہفتہ قبل محمد سلیم نے مقدمہ درج کراتے ہوئے بتایا کہ ہول سیل کا کاروبار ہے، دکان بند کرکے گیا تو کچھ دیر بعد سیکیورٹی گارڈ نے دکان کے تالے ٹوٹے ہوئے ہونے کا بتایا، چیک کیا تو دکان کے کاؤنٹر سے آہنی غلہ جس میں ایک کروڑ روپے موجود تھے غائب تھا جو کسی نامعلوم نے چوری کرلیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کی اور دکان کے ملازمین کو شامل تفتیش کیا تو ایک ملازم محمد اسلام نے دوران تفتیش دکان کا تالا کاٹ کر واردات کا اعتراف کرلیا جس پر اس کو گرفتار کرکے رقم سمیت غلہ برآمد کرلیا۔ ملزم سے آری بلیڈ اور کاٹا گیا تالا بھی برآمد ہوا، ترجمان راولپنڈی پولیس کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال لوٹنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے، ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کیا جائے گا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل