Wednesday, October 15, 2025
 

اڈیالہ جیل کے قیدی کی بانی پی ٹی آئی جیسی سہولیات دینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

 



اسلام آباد ہائیکورٹ نے اڈیالہ جیل میں قید قتل کیس کے مجرم محمد عرفان کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کو دی جانے والی سہولیات فراہم کرنے کی درخواست پر ابتدائی دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔ جسٹس محمد اعظم خان نے سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ اس پر ہم آرڈر جاری کریں گے۔ درخواست گزار مجرم محمد عرفان کی جانب سے وکیل نوید ملک ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کا موکل قتل کے مقدمے میں 25 سال قید کی سزا کاٹ رہا ہے۔ متعدد بار سپرنٹنڈنٹ جیل کو سپیریئر کلاس سہولیات فراہم کرنے کی درخواست دی گئی لیکن کوئی سہولت نہیں دی گئی۔ وکیل نوید ملک نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں نہ صرف بہترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں بلکہ ملاقاتوں کی بھی اجازت دی جاتی ہے جبکہ میرے موکل کو ان سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ جس طرح کی سہولیات بانی پی ٹی آئی کو فراہم کی گئی ہیں وہی سہولیات اسے بھی دی جائیں۔ درخواست میں سیکریٹری داخلہ، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل، چیف کمشنر اسلام آباد اور ہوم ڈیپارٹمنٹ کو فریق بنایا گیا ہے۔ عدالت نے ابتدائی دلائل مکمل ہونے کے بعد درخواست کے قابلِ سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل