Wednesday, October 15, 2025
 

فرسٹ ویمن بینک کی نجکاری کیلیے اضافی بولی سامنے آگئی

 



کابینہ کمیٹی برائے بین الحکومتی تجارتی لین دین(سی سی او آئی جی ٹی) نے فرسٹ ویمن بینک لمیٹڈ کی نجکاری کے لیے پیش کی گئی بولی کی منظوری دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کابینہ کمیٹی برائے بین الحکومتی تجارتی لین دین(سی سی او آئی جی ٹی) کا اجلاس بدھ کو نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم، وزیر برائے نجکاری، وزیرِ مملکت برائے ریلوے، سیکریٹری کابینہ ڈویڑن، سیکریٹری نجکاری، نجکاری کمیشن کے سینئر حکام اور متعلقہ وزارتوں و محکموں کے نمائندگان شریک ہوئے۔ اجلاس میں فرسٹ ویمن بینک لمیٹڈ کی نجکاری کے حوالے سے بولی کی منظوری دی گئی ہے جو کہ مقررہ ریفرنس قیمت سے زیادہ تھی۔ وزارت نجکاری کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ ایک اہم سنگِ میل ہے جو بینک کی کامیاب نجکاری اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے نامزد ادارے، انٹرنیشنل ہولڈنگ کمپنی (آئی ایچ سی) کی ملکیت میں سرکاری سطح (جی ٹو جی) پر ہونے والے لین دین کی راہ ہموار کرتا ہے۔ اس پیش رفت سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کے امکانات مزید روشن ہوں گے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے نجکاری کمیشن اور اس اہم معاہدے سے وابستہ تمام اداروں اور افراد کی کاوشوں کو سراہا۔  انہوں نے اجلاس کے دوران اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پاکستان معاشی اصلاحات، شفافیت اور نجکاری کے عمل کو تیز اور موٴثر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل