Loading
سعودی عرب کے صنعتی شہر الجبیل میں جاری جے سی ایل ٹی 12 کرکٹ ٹورنامنٹ اپنے اختتامی مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔ کل جمعے کے دن ایونٹ کے دو فائنل میچز کھیلے جائیں گے، جن میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑی جیت کے جذبے سے سرشار اور بھرپور پریکٹس میں مصروف ہیں۔ جے سی ایل ٹی 12 کرکٹ ٹورنامنٹ میں پریمیئر ڈویژن کا فائنل نقی الیون اور اے ایل سی سی الیون کے درمیان ہو گا جبکہ پرائم ڈویژن کا فائنل شاہین الیون اور ایگل سی سی الیون کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ میں پریمیئر ڈویژن کی 14 اور پرائم ڈویژن کی 16 ٹیموں نے حصہ لیا، جس سے واضح ہے کہ الجبیل میں کرکٹ تیزی سے مقبول ہو رہی ہے۔ کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ گلوبل اسپورٹس کمیونٹی کے تعاون سے نہ صرف نیٹ پریکٹس کی سہولیات میسر ہیں بلکہ فٹنس اور مہارت کو بہتر بنانے کے لیے بھی بھرپور ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔ ٹورنامنٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی بڑی تعداد شریک ہے جو نہ صرف اپنی ٹیموں کی قیادت کر رہے ہیں بلکہ شاندار کارکردگی کے ذریعے اپنی کمیونٹی کا نام بھی روشن کر رہے ہیں۔ شائقین کا کہنا ہے کہ ایسے ٹورنامنٹس نہ صرف اوورسیز پاکستانیوں کو جوڑتے ہیں بلکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب بھی کرتے ہیں۔ ٹورنامنٹ کے فائنلز میں مقامی و بین الاقوامی کمیونٹی کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔ منتظمین کے مطابق یہ صرف ایک کرکٹ ایونٹ نہیں بلکہ کمیونٹی کو جوڑنے والا تہوار بن چکا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل