Loading
آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال میں سیاسی جوڑ توڑ عروج پر ہے جب کہ حکومت سازی کے لئے اگلے چند روز میں اہم پیش رفت کا امکان ہے۔ آزاد کشمیر میں ان ہاؤس تبدیلی کا معاملہ مزید پیچیدہ اور طول پکڑ گیا، پیپلز پارٹی نے فارورڈ بلاک میں شامل بیرسٹر سلطان محمود چوہدری گروپ سے رابطہ کیا، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری گروپ نے پیپلز پارٹی کے سامنے بڑی سیاسی شرط رکھ دی۔ گروپ نے حکومت سازی میں تعاون کے بدلے اسپیکر قانون ساز اسمبلی کا عہدہ مانگ لیا، ذرائع کے مطابق بیرسٹر سلطان گروپ اسپیکر شپ اپنے قریبی رکن کو دلوانا چاہتا ہے۔ اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی صدرِ ریاست کی غیر موجودگی میں قائم مقام صدر کے طور پر فرائض انجام دیتا ہے۔ ذرائع نے کہا کہ صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری علاج کی غرض سے بیرونِ ملک روانگی کی تیاری میں ہیں، اس ممکنہ غیر موجودگی کے باعث اسپیکر شپ کی اہمیت اور سیاسی وزن میں اضافہ ہو گیا ہے۔ فریال تالپور آج سہ پہر 3 بجے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی رہائش گاہ پہنچیں گی، فریال تالپور کی آج مہاجرین نشستوں سے منتخب اراکین اسمبلی سے پانچ بجے ملاقات متوقع ہے۔ ملاقاتوں میں ان ہاؤس تبدیلی اور حکومت سازی کے فارمولے پر تفصیلی مشاورت ہوگی۔ ذرائع نے کہا کہ پیپلز پارٹی قیادت حکومت سازی کے لیے فارورڈ بلاک کی حمایت حاصل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل