Loading
شہر قائد میں آگ لگنے کے تین واقعات میں کروڑوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کی صبح بلدیہ اتحاد ٹاؤن خیبرچوک کے قریب گودام میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیارکرلی، آگ کے شعلے آسمان سے باتیں کرنے لگے، آگ نے گودام میں کھڑی گاڑیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ لگنے کی اطلاع پر کے ایم سی فائربریگیڈ کا ایک فائرٹینڈر موقع پر پہنچا اور عملے نے آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کردی تاہم آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے مزید فائر ٹینڈرز اور باؤزر کو طلب کرلیا گیا۔ فائربریگیڈ کے عملے نے موقع پرموجود شہریوں کی مدد سے گودام کی دیواریں توڑ کر کئی گھنٹوں کی مسلسل کوششوں کے بعد گودام میں لگی آگ پرقابو پالیا، اس دوران گودام میں موجود 5 گاڑیاں، ایک رکشہ، گتہ، کپڑا اور مشیںوں سمیت بھاری مالیت کا سامان خاکستر ہوگیا۔ گودام کے مالک حاجی حیات خان کے مطابق گودام میں آگ صبح سات بجے کے قریب لگی لیکن دو گھنٹے بعد فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی موقع پرپہنچی جسے علاقے کے نوجوان موٹر سائیکل پرجاکر لے کر آئے جب تک گاڑیاں آئیں سب کچھ ختم ہوچکا تھا، گودام میں آتشزدگی کے نتیجے میں کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ فائربریگیڈ حکام کے مطابق گودام میں لگنے والی آگ پرقابو پانے کیلئے 7 فائر ٹینڈراور 2 باؤزرز نے حصہ لیا، فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ اور نقصان کا تخیمنہ نہیں لگایا جاسکا، آتشزدگی کے دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ کیماڑی میں لانچ میں آتشزدگی: کیماڑی فشریز مچھلی مارکیٹ کے قریب ایک کھڑی لانچ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیارکرلی، آگ کی اطلاع ملتے ہی کے ایم سی فائر بریگیڈ اور ریسکیو1122 کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اورآگ پرقابو پانے کی کوشش شروع کردی۔ کے ایم سی فائر بریگیڈ اورریسکیو 1122 نے کچھ ہی دیرمیں لانچ میں لگنے والی آگ پر قابوپا لیا، اس دوران لانچ کوشدید نقصان پہنچا جبکہ دیگرلانچوں کو جلنے سے بچالیا گیا، فوری طورآگ لگنے کی وجہ اورنقصان کا اندازہ نہیں ہوسکا۔ شاہ لطیف میں پولٹری فارم میں آگ لگ گئی: ادھر شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کے علاقے رزاق آباد کے قریب پولٹری فارم میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیارکرلی، آگ کی اطلاع موصول ہونے پر کے ایم سی فائر برییگیڈ کے 2 فائر ٹینڈرز موقع پر پہنچ گئے۔ فائر بریگیڈ حکام کے آگ پولٹری فارم کے ایک کمرے اور ارد گرد موجود کچرے میں لگی تھی جسے بروقت بجھادیا گیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل