Sunday, October 26, 2025
 

کراچی کی لیاری ندی میں 5 سالہ بچہ ڈوب گیا

 



شہر قائد کے علاقے سہراب گوٹھ مچھر کالونی کے قریب لیاری ندی میں 5 سالہ بچہ مبینہ طور پر ڈوب گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق بچے کے ڈوبنے کا واقعہ ہفتے کی شام پیش آیا، واقعے کے بعد 5 سالہ مزمل ندی کے قریب کھیل رہا تھا جو ڈوب کر لاپتہ ہوگیا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق بچے کے ڈوبنے کی اطلاع ملنے کے بعد اُس کی تلاش کیلیے آپریشن کیا گیا تاہم اندھیرے کے بعد اسے روک دیا گیا۔   ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ندی میں بہاؤ تیز ہونے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق سہراب گوٹھ کی لیاری ندی سے چند ماہ کے دوران اب تک سات سے آٹھ لاشیں نکالی جا چکی ہیں، ندی کے اطراف کسی قسم کی حفاظتی رکاوٹ نہ ہونے کے باعث اس طرح کے افسوسناک واقعات آئے دن پیش آتے ہیں۔ لاپتہ بچے مزمل کے والد اللہ داد کے مطابق ان کا بیٹا سات بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا اور کھیل کے دوران ندی میں جا گرا۔ والد کے مطابق اپنے لختِ جگر کو تلاش کررہے ہیں تاحال کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔ علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا ہے کہ نیو کراچی ایوب گوٹھ سے سہراب گوٹھ مچھر کالونی تک ندی کنارے غیر قانونی مکانات قائم ہیں، جن کے باعث ندی کے اطراف رہنے والے بچوں اور بڑوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔ مکینوں کے مطابق شکایات کے باوجود سندھ حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ ریسکیو 1122 کے مطابق بچے کی تلاش کا عمل کل صبح دوبارہ شروع کیا جائے گا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل