Loading
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 78 سال قبل بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر قبضہ کیا، انسانی تاریخ کا افسوسناک باب آج بھی جاری ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کشمیر کے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ ہر سال 27 اکتوبر کشمیر کی تاریخ کا وہ تاریک دن یاد دلاتا ہے جب 78 سال پہلے بھارت نے اپنی افواج کو سری نگر بھیجا اور اس پر قبضہ کر لیا۔ یہ انسانی تاریخ کا وہ افسوسناک باب ہے جو آج بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دن سے لے کر آج تک بھارت اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں میں موجود کشمیریوں کا حق خود ارادیت کو مسلسل پامال کر رہا ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں نے 8 دہائیوں سے بے پناہ مشکلات اور ظلم و بربریت کا مقابلہ کیا، خوف اورناانصافی کے ساۓ میں بھی کشمیریوں کی بہادری، جراتمندی، اور کسی دباؤ میں نہ آنے والی آزادی کی تڑپ کو ہم سلام پیش کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بلاشبہ کشمیریوں کا انصاف اور حق خود ارادیت کےحصول کے لیۓعزم غیر متزلزل اور دائمی ہے۔ 5 اگست 2019 سے بھارت نے بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنی غیر قانونی اور یکطرفہ کاروائیوں میں مزید اضافہ کیا ہے جسکا مقصد مقامی آبادی کے تناسب اور سیاسی صورتحال کو تبدیل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی پامالی کے علاوہ بھارت نے آزادی اظہار راۓ اور آزادانہ نقل و حرکت پر بھی پابندی لگا رکھی ہے، خوفناک قوانین کو لاگو کرتے ہوئے بھارت نے منظم انداز میں ظلم و بربریت اور اشتعال انگیزی کا نظام قائم کر رکھا ہے تاکہ کشمیری عوام کی جائز سیاسی آوازوں اور خواہشات کو دبایا جا سکے۔ وزیراعظم کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ کشمیر کے نمایاں سیاسی، سماجی رہنما اورمیڈیا نمائندگان کی غیر قانونی اور بلا جواز گرفتاریاں بھارت کے پر تشدد ایجنڈے کا مظہر ہے، جھوٹے الزامات پر رہنماؤں کو مسلسل پابند سلاسل رکھنا بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اس طرح کے غیر قانونی اقدامات کی مذمت کی ہے جو بین الاقوامی قوانین کے منافی اور اقوام متحدہ کی بے شمار قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے بارے میں بہت واضح، غیر متزلزل اور اصولی موقف رکھتا ہے، اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے تحت اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ جموں و کشمیر کے پرامن حل کے بغیر برصغیر کا دائمی امن و استحکام محض خواب ہی رہ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بطور وزیراعظم میں نے ہمیںشہ کشمیریوں کی حالت زار اور بھارت کے تسلط سے آزادی کے لیے انکی آواز بین الاقوامی برادری کے سامنے رکھی ہے۔ میں کشمیری عوام کو یہ یقین دلانا چاہتا ہوں کہ وہ اپنی اس جدوجہد میں اکیلے نہیں بلکہ 24 کروڑ پاکستانی پرعزم عوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ غیر متزلزل اظہار یکجہتی کرتے ہیں اوراپنے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ کشمیری عوام کے ساتھ جڑے رہیں گے جب تک انکو انصاف پرمبنی اور بین الاقوامی برادری کا حمایت یافتہ حق خود ارادیت نہیں مل جاتا اور انشاءاللہ وہ دن زیادہ دور نہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل