Sunday, October 26, 2025
 

21 نومبر کو مینار پاکستان سے نظام تبدیل کرنے کی تحریک کا آغاز ہوگا، حافظ نعیم

 



امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ 21 نومبر کو مینار پاکستان سے نظام تبدیل کرنے کی تحریک کا آغاز ہوگا۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ایف نائن پارک اسلام آباد میں "بنو قابل" انٹری ٹیسٹ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ریاست اپنی رٹ قائم کرنے کیلئے تو ڈنڈے کا استعمال کرسکتی ہے مگر شہریوں کو ایک جیسی تعلیم اور روزگار دینے اور انکے مسائل حل کرنے کیلئے کیوں کچھ نہیں کرسکتی۔  انہوں نے کہا کہ ریاست کسی فیلڈ مارشل، نواز شریف، زرداری، عمران خان یا حافظ نعیم کا نام نہیں بلکہ پچیس کروڑ عوام کا نام ہے۔ چند لوگوں نے ملک پر اپنی اجارہ داری قائم کر رکھی ہے، جاگیر دار، جرنیل، وڈیرے، سرمایہ دار اور بیوروکریٹ ملک کو نہیں چلاسکے، یہ لوگ اپنی 78 سالہ ناکامی کو تسلیم کریں۔ مسئلہ کسی ایک شخص کا نہیں بلکہ ایک مائنڈ سیٹ کا ہے، یہ وہی مائنڈ سیٹ ہے جس میں بیورو کریسی کا افسر خود کو حاکم اور پوری قوم کو خادم سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 21، 22 23 نومبر کو مینار پاکستان پر پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا انسانوں کا سمندر ہوگا، یہ نظام بدلنے کی تحریک ہے جس میں پوری قوم کو شرکت کی دعوت دیتا ہوں۔ اجتماع عام میں چہروں نہیں نظام کی تبدیلی کی تحریک شروع کرنے کا لائحہ عمل قوم کو دیں گے۔ حافظ نعیم الر حمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں بھرپور صلاحیتیں موجود ہیں، یہ ایک انقلابی نسل ہے جوصلاحیتوں سے مالا مال ہے، نوجوانوں کوپاکستان کے حوالے سے مایوس کیا جاتا ہے، ایک خاص طبقہ پاکستان پر مسلط ہے جس کے پاس کوئی پالیسی نہیں۔ تین کروڑ بچے آج بھی اسکولوں سے باہر ہیں، صرف 12 فیصد بچے اعلیٰ تعلیم حاصل کرپاتے ہیں، ملک میں تمام بچوں کو مفت تعلیم دینا ہوگی، انہوں نے کہا کہ تعلیم دولت کی بنیاد پر تقسیم نہیں ہونی چاہئے، امیرو غریب ہر کسی کو معیاری تعلیم ملنا اس کا حق ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل