Wednesday, October 29, 2025
 

چلتی پرواز میں بھارتی شہری کا دو نوجوانوں پر حملہ، فرد جرم عائد کردی گئی

 



واشنگٹن: امریکی محکمۂ انصاف نے بتایا ہے کہ شکاگو سے جرمنی جانے والی ایک پرواز میں دو نوجوانوں پر حملے کے الزام میں ایک بھارتی شہری پر فردِ جرم عائد کر دی گئی ہے۔ امریکی محکمۂ انصاف کی پریس ریلیز کے مطابق 28 سالہ پرنیت کمار نامی بھارتی شہری نے دورانِ پرواز ایک دھاتی کانٹے (metal fork) سے دو 17 سالہ لڑکوں پر حملہ کیا۔ واقعہ 25 اکتوبر کو پیش آیا اور پرواز کے بوسٹن پہنچنے پر ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق پرنیت کمار نے پہلے ایک نوجوان کے کندھے پر حملہ کیا اور بعد ازاں دوسرے کے سر کے پچھلے حصے پر وار کیا۔ جب عملے نے اسے قابو کرنے کی کوشش کی تو اس نے انگلیوں سے پستول کی شکل بنائی، منہ میں رکھی اور فرضی ٹریگر دبایا۔ محکمۂ انصاف کے مطابق، حملہ آور نے بعد ازاں ایک خاتون مسافر کو تھپڑ مارا اور پرواز کے عملے کے ایک رکن پر بھی حملے کی کوشش کی۔ واقعے کے باعث پرواز کو بوسٹن لوگن انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی طرف موڑ دیا گیا، جہاں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔ امریکی حکام کے مطابق، پرنیت کمار امریکا میں اسٹوڈنٹ ویزے پر داخل ہوا تھا، تاہم اب اس کی ملک میں کوئی قانونی حیثیت باقی نہیں رہی۔ اگر جرم ثابت ہو گیا تو اسے 10 سال قید، 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر جرمانہ اور سزا کے بعد 3 سال نگرانی میں رہائش کی سزا ہو سکتی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل