Wednesday, October 29, 2025
 

اسرائیل کا غزہ پر بمباری سے 104 شہادتوں کے بعد جنگ بندی معاہدہ پر عمل کرنے کا اعلان

 



اسرائیل کی حماس پر معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے شروع کی گئی بم باری کے نتیجے میں ایک دن میں 46 بچوں سمیت 104 فلسطینی شہید ہوئے تاہم اب اسرائیل نے اعلان کیا ہے کہ وہ جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد کرے گا۔ غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے بیان میں کہا کہ وہ جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد کریں گے تاہم کسی قسم کی خلاف ورزی کی صورت میں بھرپور جواب دیا جائے گا۔ اسرائیل نے گزشتہ شب حماس پر معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرکے بم باری شروع کردی تھی اور مزید کہا تھا کہ ان کے فوجی اہلکار کو فلسطینیوں نے قتل کردیا ہے۔ غزہ کے محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ اسرائیل کی بم باری سے بچوں اور عورتوں سمیت 104 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔ یہ بھی پڑھیں: حماس کا اسرائیلی وزیراعظم کے حملوں کے حکم کے بعد اہم اعلان انہوں نے بتایا کہ شہید ہونے والوں میں 46 بچے اور 20 خواتین شامل ہیں اور اس حوالے سے جاری ویڈیو میں ایک اسپتال کے اندر کئی خواتین اور بچوں کی لاشیں نظر آ رہی ہیں۔ اسرائیلی فوج نے غزہ پر تازہ حملوں کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ حماس کے کمانڈر سمیت کئی ارکان کو نشانہ بنایا گیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ اسلحہ کے ڈپو اور حماس کی سرنگوں کو بھی تباہ کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ حماس نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسرائیلی فورسز پر حملہ کیا اور ایک فوجی کو ہلاک کردیا۔ دوسری جانب حماس نے رفح میں اسرائیلی فورسز پر حملے کی تردید کی اور کہا کہ وہ جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد کر رہے ہیں جس کا اطلاق 10 اکتوبر کو ہو گیا تھا۔ مزید پڑھیں: نیتن یاہو کے حکم کے بعد اسرائیلی طیاروں کی غزہ پر بمباری، 5 فلسطینی شہید یاد رہے کہ اسرائیل کے 7 اکتوبر 2023 کو غزہ پر شروع ہونے والے وحشیانہ حملوں میں اب تک 69 ہزار فلسطینی شہید اور لاکھوں کی تعداد میں زخمی یا بے گھر ہوگئے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل