Wednesday, October 29, 2025
 

ریاض: وفاقی وزیر صحت کی سعودی ہم منصب سے ملاقات، صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

 



وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے ریاض میں سعودی عرب کے وزیر صحت سے ملاقات کی جس میں صحت کے شعبے میں تعاون اور باہمی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان وزارتِ صحت کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ دونوں وزراء نے پاکستان اور افغانستان میں انسدادِ پولیو مہمات کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی اور آئندہ منعقد کی جانے والی مہمات پر بھی غور کیا۔ سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیو کا خاتمہ حکومتِ پاکستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور وزیرِ اعظم کی قیادت میں ملک بھر میں بھرپور انسدادِ پولیو اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر صحت نے بتایا کہ سال 2025 کے دوران اب تک چار قومی انسدادِ پولیو مہمات کامیابی کے ساتھ منعقد کی جا چکی ہیں، جن کے ذریعے 4 کروڑ 50 لاکھ بچوں تک پولیو ویکسین پہنچائی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ معیار کی پولیو مہمات کے باعث کیسز میں نمایاں کمی آئی ہے، تاہم مشن ابھی مکمل نہیں ہوا۔ سعودی وفد نے پاکستان کی جانب سے انسدادِ پولیو کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا اور مستقبل میں تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل