Wednesday, October 29, 2025
 

میوزیکل ریئلٹی شو، گلوکار فلک شبیر نے اپنے گانوں سے متعلق حیران کن اعلان کردیا

 



معروف پاکستانی گلوکار فلک شبیر نے ریئلٹی شو کے ججز اور امیدواروں کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے انہیں اپنے گانے بنا کسی اجازت کے گانے کا اختیار دے دیا۔ گلوکار سجاد علی کے ریئلٹی شو ’پاکستان آئیڈیل‘ سے متعلق بیان اور اپنے گانے نہ گانے کے حوالے سے بیان کے بعد فلک شبیر میدان میں آئے۔ سجاد علی نے گزشتہ دنوں پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ شو میں حصہ لینے والے نوجوان گلوکار اُن کے گانے گا کر مقابلہ جیت سکتے ہیں تاہم وہ انہیں گا نہیں سکتے کیونکہ منتظمین کے ساتھ اُن کا معاشی معاہدہ طے نہیں ہوا۔ گلوکار نے کہا تھا کہ پیسوں کے معاملے بات چیت نہ بننے کے سبب انہوں نے منتظمین کو اپنے گانے گانے سے روک دیا ہے جبکہ سجاد علی نے یہ بھی کہا کہ میرے گانے کو گا کر مقابلے میں حصہ لینے والے گلوکار جیت سکتے ہیں۔ اس بیان پر سجاد علی کو کئی لوگوں نے تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا تھا کہ اتنے عرصے بعد اگر کوئی پروگرام شروع ہوا اور میوزک کی دنیا سے نیا ٹیلنٹ سامنے آرہا ہے تو اُس کو سپورٹ کرنا چاہیے۔ اب اس معاملے پر گلوکار فلک شبیر میدان میں آئے اور انہوں نے اپنے گانے پاکستان آئیڈل میں گانے کی غیر مشروط اجازت دی۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اجازت دینے کی وجہ یہ ہے کہ نئے اور باصلاحیت گلوکار سامنے آئیں گے جو دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کریں گے۔ انہوں نے ججز اور پروگرام میں حصہ لینے والے امیدواروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں اپنی حمایت کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ اس پلیٹ فارم کی مدد سے نئی آوازیں سامنے آئیں گی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل