Wednesday, October 29, 2025
 

وزیراعلیٰ سندھ سے بینائی سے محروم سی ایس ایس پاس کرنے والے ارل حسین کی ملاقات

 



وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے سی ایس ایس کا امتحان پاس کرنے والے بینائی سے محروم نوجوان ارل حسین نے ملاقات کی۔ ارل حسین نے 2024ء کے بیچ میں سی ایس ایس کا امتحان پاس کر کے فارن سروس حاصل کی ہے۔ ارل حسین خصوصی افراد کے اسکول اور اس کے بعد سینٹ پیٹرکس اور کراچی یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی۔ ملاقات میں پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، سیکریٹری ڈی ای پی ڈی طحہٰ فاروقی، NOWPDP کے امین ہاشوانی، مصطفیٰ غازی اور اقرا ناگی بھی شریک تھے۔ ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق 27 سالہ ارل حسین نے ثابت کیا کہ اگر عزم پختہ ہو تو کوئی محرومی کامیابی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ارل حسین کو گلے لگا کر مبارکباد دی اور کہا کہ آپ نے ہم سب کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ خصوصی افراد ہماری کوششوں کا محور ہیں اور خوشی ہے کہ وہ ہر میدان میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ ارل حسین نے بتایا کہ وہ پیپلز بس سروس استعمال کرتے ہیں جو بہترین سہولت فراہم کر رہی ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ ایسا سسٹم بنایا جائے جس سے بینائی سے محروم افراد کو معلوم ہو سکے کہ کون سی بس پہنچی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے یقین دہانی کرائی کہ خصوصی افراد کی سہولت کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔ ارل حسین نے بتایا کہ انہیں سی ایس ایس امتحان میں بینائی سے محروم امیدوار کے طور پر اضافی وقت دیا گیا تھا۔ انہوں نے فارن سروس کو اپنی پہلی چوائس قرار دیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومت سندھ خصوصی افراد کی ترقی اور شمولیت کے لیے پُرعزم ہے تاکہ وہ زندگی کے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل