Loading
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب کو ہزاروں لیبر، ہائی اسکلز اور ہنر مند لوگوں کی ضرورت ہے جس کیلیے میں ایڑھی چوڑی کا زور لگا کر ہزاروں نوجوانوں کو بھیجنے کی کوشش کروں گا۔
اسلام آباد میں منعقدہ پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم 2025 کی افتتاحی تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ سعودی عرب کے دورے کے موقع پر مجھے وہاں پر اے آئی، جدید ٹیکنالوجی سسٹم کے بارے میں بتایا گیا، جس پر میں نے کہا کہ ہمارے پاس تو تیل کے ذخائر نہیں اور اتنا خرچ بھی نہیں کرسکتے۔
وزیراعظم کے مطابق یہ سُن کر سعودی حکام نے کہا کہ ہماری یہ سہولیات کروڑوں پاکستانیوں اور طلبا کیلیے بالکل مفت ہیں، اس سلسلے میں پاکستانی سفیر اور حکام کی سعودی حکام کے ساتھ گزشتہ روز بات چیت بھی ہوئی ہے جس پر جلد خوش خبری سننے کو ملے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ میں نے اس پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا اور ایک بار پھر اُن کے وژن 2030 کو سراہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب میں 2030 میں ایک بڑی نمائش اور 2034 میں فیفا فٹبال ورلڈکپ کا انعقاد ہونے جارہا ہے جس کیلیے سعودی عرب کو ہزاروں، لیبر، اعلیٰ تربیت یافتہ اور ہنرمند افراد کی ضرورت ہوگی۔
وزیراعظم نے عندیہ دیا کہ ’میں اپنی ایڑھی چوڑی کا زور لگاکر ہزاروں پاکستانی نوجوانوں کو روزگار کیلیے سعودی عرب بھیجنے کی کوشش کروں گا تاکہ ہمارے نوجوان وہاں جاکر ملک کا نام روشن کریں‘۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج میں قوم کے ہونہار بچوں کے سامنے کھڑا ہوں اور شکر گزار ہوں اللہ تعالیٰ نے ایک بار پھر مجھے خدمت کا موقع دیا، پوری قوم کی جانب سے ہونہار طلبا، اساتذہ کو سلام پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ 2011 سے شروع ہونے والے اس پروگرام کے رواں سال منصوبے میں تاخیر ہوئی جس کی وجہ بیگ پر بنا ہوا لوگو تھا، اُس پر شہباز پاکستان لکھا تھا اور اس کے ذاتی تشہیر ہورہی تھی، پھر میں نے رانا مشہود اور ٹیم کو ہدایت کر کے اُسے ہٹوایا جس کی وجہ سے تاخیر ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال اسکیم کے تحت پورے ملک میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ 100 فیصد میرٹ پر تقسیم ہورہے ہیں، سال 2011 سے یہ پروگرام شروع ہوا اور اس سال تک پروگرام پر چالیس پچاس ارب خرچ ہوئے مگر بچوں کی تعلیم، ہنر اور عظیم بنانے کیلیے 500 ارب بھی خرچ کریں گے۔
شہباز شیرف نے مزید کہا کہ وعدہ ہے کہ لیپ ٹاپ سے بات بہت آگے چلی گئی اور جدید ٹیکنالوجی، اے آئی کا دور آگیا ہے، انشا اللہ ہم اپنے بچوں کو اس سہولت کو بھی جلد فراہم کریں گے تاکہ ملک خودمختار اور اُن کا مستقبل روشن ہوں، میں وعدہ کرتا ہوں عہدے اور اپنی پوری زندگی طلبا کیلیے وسائل نچھاور کرتا رہوں گا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل