Wednesday, January 07, 2026
 

اینٹی کرپشن کی کارروائیوں کیخلاف نجی تعلیمی اداروں کا 9 جنوری کو مکمل ہڑتال کا اعلان

 



نجی تعلیمی اداروں نے اینٹی کرپشن کارروائیوں کیخلاف سندھ بھر میں ہڑتال کا اعلان کردیا۔ گرینڈ الائنس آف پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز سندھ نے اسکولوں میں اینٹی کرپشن کارروائیوں کے خلاف وزیراعلیٰ سندھ سے باوقار عدالتی عملدرآمد کا مطالبہ کرتے ہوئے 6 تا 8 جنوری کو احتجاج کا اعلان کیا ہے8 جنوری یومِ سیاہ منانے کے ساتھ 9 جنوری مکمل ہڑتال کا اعلان کردیا۔  گرینڈ الائنس آف پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز سندھ کے رہنماؤں نے کراچی پریس کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس میں سندھ بھر کے نجی تعلیمی اداروں کو درپیش سنگین مسائل پر روشنی ڈالی اور اینٹی کرپشن کی جانب سے اسکولوں میں جاری تصدیقی کارروائیوں پر شدید خدشات اور تحفظات کا اظہار کیا۔ چیئرمین آل سندھ پرائیوٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسو سی ایشن سید حیدر علی نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ کے 8 دسمبر 2025 کے فیصلے کے تحت ریجنل ڈائریکٹرز کی جانب سے جمع کرائی گئی فری شپ فہرستوں کی تصدیق کے لیے اینٹی کرپشن کو ذمہ داری دی گئی، جس کے بعد اینٹی کرپشن ٹیموں نے براہِ راست اسکولوں میں جا کر معائنے شروع کر دیے۔ انہوں نے کاہ کہ یہ عمل سندھ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز ایکٹ 2013 کے خلاف ہے اس نوعیت کی مداخلت غیر قانونی اور غیر ضروری ہے، اینٹی کرپشن کی تفتیشی کارروائیاں خوف، ذہنی دباؤ اور اضطراب کا باعث بن رہی ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ مسلح اہلکاروں کا اسکولوں میں مخصوص انداز میں داخل ہونا تعلیمی ماحول کے لیے ہرگز موزوں نہیں جبکہ والدین کو بھی غیر ضروری سوال و جواب اور تفصیلات کے مطالبے کے باعث شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ گرینڈ الائنس کے رہنماؤں نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ سے پرزور مطالبہ کیا کہ فوری کردار ادا کریں اور اینٹی کرپشن کو ہدایت دیں کہ وہ عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے باوقار اور مؤثر طریقۂ کار اختیار کرے، جس میں تصدیقی عمل ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز کے ذریعے مکمل کیا جائے اور اسکولوں میں براہِ راست جانے سے گریز کیا جائے۔ مقررین نے کہا کہ اینٹی کرپشن کی جانب سے جاری تصدیقی عمل کو روکنے کے لیے عدالت میں نئی درخواست دائر کی جائے گی، جبکہ 6 سے 8 جنوری تک سندھ کے تمام اضلاع میں والدین اور اسکول انتظامیہ کے مشترکہ احتجاجی اجلاس منعقد کیے جائیں گے، 8 جنوری کو سندھ بھر میں نجی تعلیمی ادارے یومِ سیاہ منائیں گے اور 9 جنوری کو سندھ بھر کے تمام پرائیویٹ اسکولز اور کالجز مکمل ہڑتال کریں گے۔ پریس کانفرنس میں پاکستان پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن انور علی بھٹی چئیرمین، چئیرمین آل پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن سید طارق شاہ سمیت دیگر موجود تھے۔ دوسری جانب نجی اسکولوں کے دوروں پر اینٹی کرپشن سندھ نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسکولوں کے دورے کسی کے خلاف کارروائی نہیں بلکہ عدالتی حکم کی تعمیل ہے۔ اینٹی کرپشن حکام نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ سکھر بنچ کے احکامات پر اسکولوں کا ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے، جس میں مفت اور لازمی تعلیم سے متعلق ریکارڈ کی تصدیق کی جارہی ہے، سندھ چلڈرن رائٹ ٹو فری اینڈ کمپلسری ایجوکیشن ایکٹ 2013 پر عملدرآمد کا عمل شروع کردیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اینٹی کرپشن ٹیمیں اسکولوں میں ریکارڈ اور والدین کے بیانات قلمبند کر رہی ہیں جبکہ نجی اسکولوں کے دورے قانونی دائرہ کار میں کیے جا رہے ہیں۔ اینٹی کرپشن نے کہا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبریں گمراہ کن ہیں جبکہ نجی اسکولوں کی جانچ کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، تین رکنی کمیٹی عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائے گی جبکہ اسکول ڈائریکٹوریٹ کے فوکل پرسنز کے ساتھ مشترکہ کارروائی کی جائے گی۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جانچ پڑتال کی رپورٹ 12 جنوری 2026 کو سندھ ہائی کورٹ میں پیش کی جائے گی، عوام اور میڈیا غیر مصدقہ اطلاعات پھیلانے سے گریز کریں، اینٹی کرپشن کی کارروائیاں شفاف اور قانون کے مطابق ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل