Friday, January 09, 2026
 

دہلی میں مسجد کے قریب انہدامی کارروائی، جھڑپوں میں 5 پولیس اہلکار زخمی

 



نئی دہلی میں رام لیلا میدان کے قریب ایک مسجد کے اطراف تجاوزات کے خلاف جاری انہدامی کارروائی کے دوران جھڑپیں ہوئیں، جن میں کم از کم پانچ پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق حالات پر قابو پا لیا گیا ہے اور علاقے میں معمول بحال ہو چکا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ میونسپل کارپوریشن آف دہلی (ایم سی ڈی) دہلی ہائی کورٹ کے احکامات پر ترکمان گیٹ کے علاقے میں سید فیض الٰہی مسجد اور قریبی قبرستان سے متصل زمین پر تجاوزات ہٹانے کی کارروائی کر رہی تھی۔ اسی دوران کچھ افراد کی جانب سے پتھراؤ کیا گیا جس کے باعث صورتحال کشیدہ ہو گئی۔ ڈپٹی کمشنر پولیس (سنٹرل) ندھِن والسَن کے مطابق کارروائی 6 اور 7 جنوری کی درمیانی شب طے کی گئی تھی، جس کے لیے پولیس نفری پہلے ہی تعینات تھی۔ جے سی بی مشینری پہنچنے پر 100 سے 150 افراد جمع ہو گئے، جن میں سے بیشتر کو بات چیت کے ذریعے منتشر کر دیا گیا، تاہم چند افراد نے ہنگامہ آرائی اور پتھراؤ کیا۔ پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے شیل استعمال کیے، جس کے بعد حالات قابو میں آ گئے۔ زخمی ہونے والے پانچوں پولیس اہلکاروں کو معمولی چوٹیں آئیں اور طبی امداد دی گئی۔ پولیس کے مطابق قانونی کارروائی میڈیکل رپورٹس اور بیانات کے بعد عمل میں لائی جائے گی جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق عدالتی حکم کے تحت مسجد کے قریب واقع ایک بینکوئٹ ہال اور ڈسپنسری کو تجاوزات قرار دے کر منہدم کیا جا رہا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ ایم سی ڈی نے کارروائی سے قبل پولیس کو آگاہ کیا تھا اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مقامی امن کمیٹیوں سے بھی رابطہ رکھا گیا تھا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل