Friday, January 09, 2026
 

متحدہ عرب امارات میں بھی فارمولا دودھ کے ڈبے مارکیٹ سے اُٹھوانے کا حکم

 



متحدہ عرب امارات نے عالمی سطح پر سامنے آنے والے غذائی تحفظ کے خدشات کے پیشِ نظر معروف برانڈ کے بچوں کے فارمولا دودھ کو اُٹھوانا شروع کردیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق فارمولا دودھ اُٹھوانے کا حکم ایمرٹس ڈرگ اسٹیبلشمنٹ نے بدھ کی رات جاری بیان میں دیا تاہم یہ بھی واضح کیا کہ یہ اقدام رضاکارانہ اور احتیاطی نوعیت کا ہے۔ ای ڈی ای کے مطابق جن مصنوعات کو واپس منگوایا گیا ہے ان میں عالمی شہرت یافتہ برانڈ کے نوزائیدہ بچوں کے لیے فارمولا دودھ کی 5 پراڈکٹس شامل ہیں۔ خیال رہے کہ اس فارمولا دودھ میں استعمال ہونے والے ایک خام مال میں Bacillus cereus نامی بیکٹیریا کے معمولی آثار پائے گئے تھے۔ یہ بیکٹریا بعض صورتوں میں cereulide نامی زہریلا مادہ پیدا کر سکتا ہے جو بچوں کی صحت کے لیے خطرہ بھی بن سکتا ہے۔ خیال رہے کہ اس کمپنی نے اس سے قبل یورپ میں بھی اپنی چند مصنوعات کے کچھ بیچز واپس منگوائے تھے۔ بعد ازاں افریقا، ایشیا اور امریکا میں بھی ایسا کیا گیا۔ کم از کم 37 ممالک جن میں آسٹریلیا، برازیل، چین، میکسیکو اور جنوبی افریقا شامل ہیں، بھی ممکنہ آلودگی کے باعث صحت سے متعلق انتباہات جاری کرچکے ہیں۔ خلیجی خطے میں بھی سعودی عرب، کویت اور قطر نے بھی اس برانڈ کے فارمولا دودھ کی فروخت پر پابندی کا اعلان کیا گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ فارمولا دودھ کے استعمال کے بعد بچوں کو شدید یا مسلسل الٹی، اسہال یا غیر معمولی سستی کا سامنا ہو تو فوراً اسپتال لے جائیں۔ تاہم 30 منٹ سے 6 گھنٹے اگر بچے میں کوئی علامت ظاہر نہ ہو تو گھبرانے کی ضرورت نہیں البتہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ماہرِ اطفال سے رجوع کریں۔ واضح رہے کہ اب تک یو اے ای میں اس برانڈ کے فارمولا دودھ سے کسی بچے میں کوئی بیماری یا منفی اثر کی تصدیق نہیں ہوئی۔      

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل