Loading
اسلام آباد میں پانی کی کمی کے سدباب کیلئے جامع پلان پر ہنگامی بنیادوں پر عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سی ڈی اے اور پنجاب حکومت کے تعاون سے جڑواں شہروں کیلئے مشترکہ طور پر ڈیمز بنائے جائیں گے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اسلام آباد میں پانی کی قلت پر قابو پانے کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔
وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری اور وزیراعظم کے مشیر سید توقیر شاہ نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں جڑواں شہروں میں پانی کی فراہمی بڑھانے کیلئے شارٹ اور لانگ ٹرم اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
پانی ذخیرہ کرنے کے نئے چھوٹے ڈیمز اور واٹر ریزروائرز کی تعمیر پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اسلام آباد میں پانی فراہمی کے موجودہ نظام کی خامیوں کو دور کرنے کی تجاویز پر غور کیا گیا۔
واٹر ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک میں خامیوں کی نشاندہی اور مؤثر ترسیل کیلئے موثر نظام کی ضرورت پر زور بھی دیا گیا۔ واپڈا اور سی ڈی اے نے پانی کی فراہمی بڑھانے کیلئے مختلف آپشنز، فزیبلٹی رپورٹس اور متوقع ٹائم لائنز پیش کیں۔
اجلاس کو چراہ، دوتارہ اور شاہدرہ ڈیم منصوبوں پر جامع بریفنگ دی گئی جبکہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے روڈ میپ پر عملدرآمد کا جامع پلان 10 روز میں طلب کر لیا۔
اجلاس میں سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، چیئرمین سی ڈی اے، کمشنر راولپنڈی، ممبران سی ڈی اے سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل