Loading
بھارتی خاتون سربجیت کور(نور فاطمہ) کا دارالامان لاہور میں طبی معائنہ کیا گیا اور اسے صحت مند قرار دیا گیا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ میں سربجیت کور کی بے دخلی سے متعلق دائر درخواست کے معاملے پر پیش رفت سامنے آگئی ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے تاحال سربجیت کور کو واہگہ بارڈر کے راستے پیدل بھارت بھیجنے کے لیے خصوصی اجازت یا ایگزٹ پرمٹ جاری نہیں کیا گیا، جس کے باعث 5 جنوری 2026 کو ان کی بھارت منتقلی ممکن نہ ہو سکی۔
درخواست گزار کے وکیل ایڈووکیٹ علی چنگیزی سندھو کے مطابق قانون کے تحت بعض حالات میں واہگہ بارڈر کے ذریعے خصوصی سفری اجازت نامے پر بھارت منتقلی ممکن ہوتی ہے جو عام طور پر ویزا توسیع جیسے مسائل کا متبادل ہوتی ہے تاہم اس کیس میں ایسی اجازت تاحال جاری نہیں ہوئی۔
خصوصی سفری اجازت نامہ نہ ملنے کے باعث سربجیت کور کو دارالامان منتقل کیا گیا۔ ایڈووکیٹ علی چنگیزی سندھو کے مطابق پنجاب ہوم ڈیپارٹمنٹ نے متروکہ وقف املاک بورڈ اور وزارت مذہبی امور کی درخواست پر سربجیت کور کو دارالامان لاہور منتقل کیا اور واضح کیا کہ وزارت داخلہ سے سفری اجازت نامہ موصول ہونے تک وہ سخت پولیس سیکیورٹی میں دارالامان میں قیام کریں گی۔
ایڈووکیٹ کے مطابق 9 جنوری 2026 کو دارالامان میں ڈاکٹروں کی خصوصی میڈیکل ٹیم نے سربجیت کور کا طبی معائنہ کیا جس میں ان کی صحت تسلی بخش قرار دی گئی۔ وکیل کا کہنا ہے کہ سفری اجازت نامہ موصول ہونے کے بعد امید ہے کہ سربجیت کور کو آئندہ ہفتے بھارت بھیج دیا جائے گا، جبکہ ان کی جانب سے پناہ لینے سے متعلق خبروں کو من گھڑت قرار دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق معاملہ وزارت داخلہ کی منظوری سے مشروط ہے اور اجازت نامہ ملتے ہی واہگہ بارڈر کے ذریعے منتقلی عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ 48 سالہ سربجیت کور 4 نومبر 2025 کو بابا گورو نانک کا جنم دن منانے پاکستان آنے والے بھارتی یاتریوں کے ساتھ آئی تھیں۔ قیام کے دوران انہوں نے 5 نومبر 2025 کو اسلام قبول کیا اور مقامی شہری ناصر حسین سے نکاح کر لیا جس کے بعد ان کا نام نور فاطمہ رکھا گیا۔ ان کے لاپتہ ہونے کا انکشاف 13 نومبر کو ہوا جب بھارتی یاتری واپس اپنے ملک پہنچے تھے۔
بھارتی خاتون کے ویزے کی معیاد 14 نومبر 2025 کو ختم ہو چکی ہے۔ سربجیت کور اور ان کے شوہر ناصر حسین کو پولیس نے ننکانہ صاحب کے علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل