Loading
تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور اپوزیشن لیڈر رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے کہ ہے کہ ایمان مزاری اور شوہر کی سزا کے بعد ہوسکتا ہے ہم بھی جیل بھرو تحریک شروع کردیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک تحفظ آئین کی قیادت نے مزاری ہاؤس میں ایمان مزاری کی والدہ اور سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر شیریں مزاری سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
ملاقات کے بعد محمود خان اچکزئی، مصطفیٰ نواز کھوکھر اور بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کی اور ایمان مزاری کو دی جانے والی سزا کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہو سکتا ہے ہم جیل بھرو تحریک کا اعلان بھی کردیں، پھر ہم دیکھتے ہیں کہ یہ کتنے لوگوں کو جیل میں ڈالتے ہیں۔
مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ آج پاکستان پر آمریت مسلط کر دی گئی ہے، اگر کسی کے ذہن میں یہ ہے کہ ملک میں جمہوریت ہے تو وہ اس کو درست کر لے، جس طرح کے فیصلے آ رہے ہیں یہ ملک کو نارتھ کوریا یا مصر بنانے کی کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ یہ چاہتے ہیں کہ اس ملک میں کوئی حق کے لئے آواز نہ اٹھائے، اگر کوئی اٹھاتا ہے تو اس کو خاموش کر دیا جاتا ہے۔
مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ 8 فروری کو ہم اپنا بھرپور احتجاج ریکارڈ کروائیں گے، لوگوں کے لئے آواز اٹھانے والے بھی اس ملک میں محفوظ نہیں ہیں، ہم ان تاریکیوں کو ختم کریں گے، اس عدلیہ میں ایسے لوگ جاگیں جو باغیرت ہوں۔
چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم یہاں ڈاکٹر شیریں مزاری سے اظہار یکجہتی کے لئے آئے ہیں، پاکستان میں لاقانونیت عروج پر ہے اور ادارے کمزور ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح سے ایمان اور ہادی کا ٹرائل ہوا ہم نے اُس پر تشویش کا اظہار کیا اور جس انداز سے سزا دی گئی وہ بھی ناانصافی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم ہمیشہ سے پیکا کے خلاف تھے اور رہیں گے، ہم سزا کے اس فیصلے کی مذمت کرتے ہیں، ان کی والدہ نے بتایا کے کہ ان کا ابھی تک کوئی رابطہ نہیں ہوا، ان کی ایمان مزاری سے ملاقات نہیں ہو رہی اور نہ ہی معلوم ہے کب ملاقات ہوگی۔
اُن کا کہنا تھا کہ جہاں لوگوں کو انصاف نہیں ملتا وہاں لوگ قانون ہاتھ میں لے لیتے ہیں، ہم امید کرتے ہیں چیف جسٹس آفس پاکستان اس پر کوئی کارروائی کریں گے اور انشااللہ انصاف ہوتا ہوا نظر بھی آئے گا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ میں پی ٹی آئی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو دی جانے والی سزا ختم کرنے کا مطالبہ کرتا ہوں، دونوں کی سزا ختم کر کے انہیں رہا کیا جائے اور فیئرٹرائل کا موقع دیا جائے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل