Loading
وزیراعظم شہباز شریف نے قیمتی پتھروں اور معدنیات سے استفادے کیلیے جیم اسٹون سینٹرز کو اگست 2027 تک مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت قیمتی پتھروں اور معدنیات کے فروغ کے حوالے سے اہم اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں جیم اسٹون انڈسٹری کی استعداد کو بروئے کار لاتے ہوئے برآمدات کے ذریعے قیمتی زرمبادلہ کمانے کی حکمتِ عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں جیم اسٹونز کے وسیع ذخائر موجود ہیں جن سے مؤثر طور پر فائدہ اٹھا کر ملکی معیشت کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں مجوزہ جیم اسٹون سینٹرز کی تعمیر کے لیے بین الاقوامی شہرت کے حامل ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے اسلام آباد جیم اسٹون سینٹر کو اگست 2027 تک مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی ماہرین کی مدد سے جیم اسٹون پالیسی فریم ورک پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے جیم اسٹون انڈسٹری میں ویلیو ایڈیشن کے ذریعے برآمدات میں اضافے اور مجوزہ سینٹرز میں جدید ٹیکنالوجی اور آلات نصب کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ جیم اسٹون انڈسٹری کے فروغ کے لیے تمام صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی حکومتوں کے ساتھ مل کر مربوط انداز میں کام کیا جائے۔
اجلاس کو جیم اسٹون انڈسٹری کی ترویج کے لیے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ نئی منظور شدہ جیم اسٹون پالیسی پر اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کے لیے چار سیشنز کا انعقاد کیا جا چکا ہے۔
بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ اسلام آباد میں جیم اسٹون سینٹر کے قیام کے لیے شاہراہ دستور پر جگہ کا تعین کر لیا گیا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ اسلام آباد جیم اسٹون سینٹر میں بین الاقوامی معیار کی ویلیو ایڈیشن سروسز، سرٹیفیکیشن، انکیوبیشن سینٹر اور ٹریڈ سینٹر کی سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے دفاتر بھی اسی مرکز میں موجود ہوں گے۔
جیم اسٹون کے حوالے سے جیو فینسنگ سائنسی روڈ میپ پر بھی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل