Tuesday, January 27, 2026
 

فلپائن کے میئر راکٹ لانچر حملے میں بال بال بچ گئے؛ ہولناک ویڈیو وائرل

 



فلپائن کے جنوبی صوبے مگینداناو ڈیل سور میں میئر اکمد مترا امپاتوان پر دن دہاڑے ایک پُرہجوم علاقے میں سنسنی خیز قاتلانہ حملہ کیا گیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حملہ آور ایک گاڑی میں سوار ہوکر آئے تھے اور پیٹرول پمپ کے نزدیک اتر کر میئر کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ حملہ آوروں میں سے ایک نے کندھے پر راکٹ لانچر رکھا ہوا تھا جو میئر کی گاڑی پر چلادیا جب کہ دوسرے نے بندوق سے گولیوں کی بوچھاڑ کردی۔ راکٹ لانچر چلانے سے میئر کی گاڑی کے نزدیک دھواں پھیل گیا تاہم ڈرائیور بڑی ہوشیاری کے ساتھ گاڑی کو اس میں سے نکالنے میں کامیاب رہا۔ سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی کے بکتر بند اور فائر پروف ہونے کی وجہ سے میئر حملے میں محفوظ رہے۔ https://www.facebook.com/thedailynetizen/videos/cctv-catches-rpg-ambush-on-mayors-convoy-in-maguindanaocaught-on-camera-a-mayors/1956017475127807/ یاد رہے کہ میئر امپاتوان اس سے قبل بھی 2010، 2014 اور 2019 میں قاتلانہ حملوں کا نشانہ بن چکے ہیں۔ جن میں وہ دو بار شدید زخمی ہوئے تھے۔ ان حملوں کے پیش نظر ہی میئر کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی تھی اور ان کے زیر استعمال گاڑی کو بکتر بند کیا گیا تھا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حملہ آوروں نے ایک پٹرول پمپ کے قریب میئر کی بکتر بند سیاہ ایس یو وی پر راکٹ فائر کیا۔ میئر کے ایگزیکٹو سیکریٹری نے بتایا کہ بکتر بند گاڑی نے دھماکا خیز حملے کا زور برداشت کر لیا، جس کے باعث میئر محفوظ رہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر گاڑی بکتر بند نہ ہوتی تو میئر جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے۔ پروردگار کے فضل سے انھیں ایک خراش تک نہیں آئی۔ ان کے بقول حملے کے دوران میئر کے قافلے میں شامل ایک بیک اپ پک اپ گاڑی پر بھی فائرنگ کی گئی، جس سے دو سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آور ایک سفید منی وین میں سوار تھے اور حملے کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔ یہ واقعہ ایک گنجان آباد علاقے میں پیش آیا جہاں سڑک کے کنارے دکاندار اور راہگیر موجود تھے۔ یہ سب کچھ عوام کی آنکھوں کے سامنے ہوا۔ واقعے کے فوری بعد پولیس اور فوج کی مشترکہ ٹیم نے تعاقب کے بعد ملزمان کو گھیرے میں لے لیا اور مقابلے میں تین مشتبہ حملہ آور مارے گئے۔ گاڑی سے اسلحہ بھی ملا۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل