Saturday, January 31, 2026
 

2 سال میں سونے کی قیمتیں دُگنی سے بھی زیادہ کیسے ہوئیں؟

 



عالمی مارکیٹ میں گزشتہ 2 روز سے وسیع پیمانے پر منافع کے حصول کے رجحان کے باعث سونے کی قدر ایک نئے زون میں داخل ہو گئی ہے۔ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں جب یہ یقین ہو گیا تھا کہ امریکا شرح سود میں اضافہ نہیں کرے گا تو مارچ 2024 سے سونے کی قیمتوں میں اضافے کا آغاز ہوا، جس کا تسلسل سال 2025 میں بھی جاری رہا۔ امریکی صدر اور فیڈرل ریزرو کے سربراہ کے درمیان تنازع شدت اختیار کرنے، وینزویلا کے تیل کے ذخائر پر امریکی قبضے، گرین لینڈ اور ایران کے ساتھ کشیدگی کے باعث ڈالر کی قدر میں کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے دنیا بھر کے سینٹرل بینکوں کی جانب سے گزشتہ 2 سال میں تقریباً 1700 ٹن سونے کی خریداری کی گئی۔ اس دوران چین کی جانب سے بھی ڈالر بانڈز اور ٹریژری بلوں کو فروخت کرکے خالص سونے کے ذخائر میں اضافہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں گزشتہ 2 سال کے دوران فی اونس سونے کی قیمت میں مجموعی طور پر 3 ہزار 500 ڈالر کا خطیر اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح مقامی صرافہ مارکیٹوں میں مارچ 2024 میں فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 27 ہزار 800 روپے تھی، جو 2 روز قبل تک یعنی 28 جنوری 2025 کو بڑھ کر 5 لاکھ 72 ہزار 862 روپے کی بلند ترین سطح تک پہنچ چکی تھی۔ ماہرین کا خیال ہے کہ بین الاقوامی سطح پر امریکی تنازعات، بڑھتی کشیدگی اور ٹیرف دھمکیوں کے باعث نہ صرف قیمتی دھاتوں کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے بلکہ کموڈٹیز اور خام تیل کی قیمتوں میں بھی غیر متوقع طور پر نمایاں اضافے کا رجحان غالب ہو گیا ہے۔ ان اسباب کے تناظر میں یہ افواہیں زیر گردش ہیں کہ عالمی مالیاتی نظام پیچیدگیوں کا شکار ہے، لہٰذا 2 سالہ وقفے کے بعد گزشتہ 2 روز سے بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بڑی نوعیت کی تنزلی دیکھی جا رہی ہے۔ دوسری جانب یونین بینک آف سوئٹزرلینڈ کی جانب سے پیش گوئی کی جا رہی ہے کہ سال 2026 کے وسط میں فی اونس سونے کی قیمت 6 ہزار 200 ڈالر کی نئی بلند ترین سطح تک بھی پہنچ سکتی ہے۔ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں آج ہفتے کے روز فی اونس سونے کی قیمت مزید 255 ڈالر کی بڑی نوعیت کی کمی سے 4 ہزار 895 ڈالر کی سطح پر آنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ سونے کی قیمت یکدم 25 ہزار 500 روپے کی کمی سے 5 لاکھ 11 ہزار 862 روپے کی سطح پر آ گئی۔ اسی طرح فی 10 گرام سونے کی قیمت بھی 21 ہزار 862 روپے کی کمی سے 4 لاکھ 38 ہزار 839 روپے کی سطح پر آ گئی۔ ساتھ ہی عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی کی قیمت بھی 20 ڈالر 63 سینٹس کی کمی سے 85 ڈالر 31 سینٹس پر آنے سے مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ چاندی کی قیمت 2 ہزار 063 روپے کی کمی سے 9 ہزار 006 روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی 1 ہزار 768 روپے کی کمی سے 7 ہزار 721 روپے کی سطح پر آ گئی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل