Saturday, January 31, 2026
 

 ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ میں پاکستانی اسپنرز نے  پہلی بار نیا کارنامہ سر انجام دے دیا

 



 پاکستانی اسپنرز نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار ایک نیا کارنامہ سر انجام دے دیا۔  آسٹریلیا کے خلاف لاہور میں کھیلے گئے تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے دوسرے مقابلے میں پاکستان نے نہ صرف 90 رنز سے بڑی فتح حاصل کی بلکہ سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری بھی اپنے نام کرلی۔ ہفتے کے روز کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم پاکستانی اسپنرز کے سامنے بے بس نظر آئی اور 16ویں اوور میں 108 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اس میچ کی سب سے بڑی خاص بات یہ رہی کہ آسٹریلیا کی تمام 10 وکٹیں پاکستانی اسپنرز نے حاصل کیں، جو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل تاریخ میں پاکستان کا پہلا موقع ہے کہ ایک اننگز کی تمام وکٹیں اسپن بولرز کے نام رہیں۔  ابرار احمد اور شاداب خان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عثمان طارق نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ صائم ایوب اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔ اعداد و شمار کے مطابق ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی تاریخ میں یہ مجموعی طور پر دسواں موقع ہے کہ کسی اننگز کی تمام وکٹیں اسپنرز نے حاصل کیں، تاہم فل ممبر ممالک کے درمیان میچز میں یہ صرف دوسرا واقعہ ہے۔  اس سے قبل یہ اعزاز صرف بھارتی اسپنرز کو حاصل تھا، جنہوں نے 2022 میں فلوریڈا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں تمام 10 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ پاکستانی اسپنرز کی اس تاریخی کارکردگی نے نہ صرف ٹیم کی جیت کو یادگار بنا دیا بلکہ عالمی کرکٹ میں پاکستان کے اسپن اٹیک کی طاقت کو بھی ایک بار پھر ثابت کر دیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل