Loading
جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے سانحہ گل پلازہ پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کی صوبائی حکومت 3 ہزار 326 ارب روپے ہڑپ کرگئی ہے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے جینے دو کراچی مارچ کے حوالے سے نمائش چورنگی پر استقبالیہ کیمپ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ گل پلازہ، حکومتی نااہلی و مجرمانہ غفلت ہے، کراچی کے عوام کے مسائل پر جماعت اسلامی کے تحت اتوار کو شاہراہ فیصل پر جینے دو کراچی مارچ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت 17 سال سے قابض ہے، 17 سال میں کراچی میں کوئی بڑا پروجیکٹ نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ 3 ہزار 326 ارب روپے پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت ہڑپ کر گئی،کراچی کے بچے کبھی گٹر میں، کبھی ٹرالر کی زد میں آجاتے ہیں اور کبھی آگ لگ جائے تو کوئی بچانے نہیں آتا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے گل پلازہ کے دکان دار آگ میں جھلس گئے،کراچی ٹیکس دیتا ہے تو پورا ملک چلتا ہے،کراچی کے بجٹ کو کرپشن اور نااہلی کی نذر کردیا ہے، پیپلزپارٹی کو ہمیشہ ایم کیو ایم کی طرح پارٹیوں کا تعاون رہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی عوام کو بے وقوف بنانے کے لیے فرینڈلی اپوزیشن کرتی رہتی ہیں، اختیارات عوام کے منتخب کردہ نمائندوں کے پاس ہونا چاہیے، اہل کراچی کو اب گھروں سے نکلنا ہوگا اور گلی گلی میں قبضہ سسٹم کے خلاف آواز اٹھنا شروع ہوگئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک زبردست مزاحمت اور جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے ورنہ یہ اسی طرح شہریوں کو مارتے رہیں گے، حکمران ہمارے ہی ٹیکسوں کے پیسوں سے ہماری ہی جانوں کو قربان کرتے رہیں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کراچی کے شہری چاہے وہ کسی بھی مکتبہ فکر سے وابستہ ہوں وہ مارچ میں ظالمانہ نظام کے خلاف بھرپور شرکت کریں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور قابض میئر مرتضیٰ وہاب سانحہ گل پلازہ کے بعد استعفیٰ دیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اتوار کو شاہراہ فیصل پر عظیم الشان و تاریخی جینے دو کراچی کو مارچ ہوگا، عوام لاکھوں کی تعداد میں شریک ہوں گے اور اس مارچ میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل