Loading
ترجمان سندھ حکومت سمعتا افضال سید نے گل پلازہ سانحے پر جماعت اسلامی کے بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس المناک واقعے پر سیاست کرنا افسوسناک اور غیر ذمے دارانہ طرزِ عمل ہے۔
اپنے بیان میں سمعتا افضال سید نے کہا کہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو بلاجواز طور پر ذمے دار ٹھہرانا حقائق کے منافی ہے اور اس طرح کے الزامات محض سیاسی مقاصد کیلئے لگائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ گل پلازہ سانحے کی شفاف تحقیقات کی جا چکی ہیں اور واقعے میں غفلت برتنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔
ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ سے استعفے کا مطالبہ کسی اصولی موقف کے بجائے سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے مترادف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کی تاریخ رہی ہے کہ وہ لاشوں اور سانحات پر سیاست کرتی ہے، جو قابلِ مذمت ہے۔
سمعتا افضال سید نے کہا کہ سندھ حکومت سانحات کے متاثرین کو انصاف کی فراہمی کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل