Sunday, February 01, 2026
 

آزاد جموں و کشمیر کے صدر طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے

 



آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری طویل علالت کے بعد اسلام آباد کے ایک نجی اسپتال میں انتقال کر گئے۔ تفصیلات کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے صدر آج شام ان کے آبائی گاؤں کھڑی شریف میرپورمیں سپرد خاک کیا جا ئے گا۔ آزادریاست جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چودہری 71 سال کی عمر میں کینسرجیسے موذی مرض سے لڑتے لڑتے بالآخر داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری 25 اگست 2021 کو آزاد جموں و کشمیر کے صدر منتخب ہوئے تھے۔ ان کا تعلق میرپور آزاد کشمیر سے تھا۔ انہوں نے قانون کی اعلیٰ تعلیم برطانیہ سے حاصل کی۔ بیرسٹر سلطان محمود نے عملی سیاست کا آغاز 1983 میں کیا اور 1985 میں پہلی بار آزاد جموں و کشمیر اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے،وہ 9 مرتبہ اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے، جو آزاد کشمیر کی سیاسی تاریخ میں نمایاں اعزاز ہے۔ انہوں نے 30 جولائی 1996 سے 24 جولائی 2001 تک آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم کے طور پر خدمات انجام دیں۔ اس دوران انہوں نے انتظامی اصلاحات کے ساتھ ساتھ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔ بیرسٹر سلطان محمود مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ رہے۔ انہوں نے آزادمسلم کانفرنس کے نام سے سیاسی جماعت قائم کی جس کے بعدوہ پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیرمیں شامل ہوئے اور اس کے پارٹی صدراور وزیراعظم رہے۔ مرحوم نے اقوام متحدہ، یورپی پارلیمنٹ، امریکa اور برطانیہ سمیت عالمی فورمز پر کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے موٴثر آواز بلند کی اور بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل