Sunday, February 01, 2026
 

امن و امان کو خطرہ، 180 افراد کے نام 3 ایم پی او فہرست میں شامل، نوٹیفیکیشن جاری

 



محکمہ داخلہ سندھ نے کراچی میں امن وامان خراب کرنے کے خدشات کے پیش نظر 180 افراد کو 3 ایم پی او کے تحت نظر بند کرنے کے احکامات جاری کردیے اور نوٹیفیکشن بھی جاری کردیا۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفیکشن کے مطابق ایم پی او آرڈر کے تحت 180 افراد کے نام نظر بند کرنے کی فہرست میں شامل ہے، جن میں ضلع وسطی سے 24، ضلع جنوبی سے 21، ضلع شرقی سے 51، ضلع کیماڑی سے 23، ضلع کورنگی سے 22، ملیر سے 9 اور ضلع غربی سے 30 افراد کے نام شامل ہیں۔ محکمہ داخلہ سندھ نے فہرست میں شامل افراد کے بارے میں بتایا کہ یہ افراد راستے بند کرنے، دھرنے اور امن و امان کی صورت حال خراب کر سکتے ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ امن و امان کی صورت حال خراب ہونے کی صورت میں عوامی جان و مال کو خطرہ لاحق ہوگا لہٰذا فہرست میں شامل تمام افراد کو 30 دن کے لیے نظر بند کرنے کا آرڈر جاری کیا گیا ہے۔ فہرست میں شامل افراد کے حوالے سے احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ مذکورہ افراد کو گرفتار کرکے ملیر جیل منتقل کیا جائے۔ پی ٹی آئی کا کارکنان کی گرفتاری کا الزام پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے ترجمان نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس پی ٹی آئی کے کارکنوں کو گرفتار کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جن افراد کا نام اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے، ان کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے اور یہ گرفتار کیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں پاکستان تحریک انصاف سمیت کسی سیاسی جماعت کا نام شامل نہیں کیا گیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل