Monday, February 16, 2026
 

ایران کیساتھ معاہدے کا ہوجانا اب بہت مشکل ہوگیا، امریکی وزیر خارجہ نے وجہ بتادی

 



امریکی وزیر خارجہ نے ایران کے ساتھ جاری جوہری معاہدے کے کسی حتمی نتیجے تک پہنچنے کو بہت مشکل قرار دیدیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ بات امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے ہنگری کے دورے پر وزیرِاعظم وکٹر اوربان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کی۔ ان کے بقول ایران کے ساتھ معاملات اس لیے پیچیدہ ہیں کیونکہ وہاں ہم ایسے سخت گیر شیعہ مذہبی رہنماؤں سے بات کر رہے ہیں جو ملکی فیصلے بین الاقوامی سیاست یا جغرافیائی حقائق کو مدنظر رکھ کر نہیں بلکہ مذہبی عقائد کی بنیاد پر کرتے ہیں۔ مارکو روبیو کا مزید کہنا تھا کہ امریکا سفارتی کاری کے ذریعے ایران کے ساتھ ایسے معاہدے کے لیے تیار ہے جو ہمارے خدشات کو دور کرسکے تاہم اس کے بارے میں غیر ضروری خوش فہمی کا مظاہرہ نہیں کرسکتا۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ ماضی میں بھی حقیقی اور پائیدار معاہدے کرنا مشکل ثابت ہوا ہے اور اس بار بھی حالات اب تک بہت حوصلہ افزا نہیں ہیں۔ یاد رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور مسقط میں ہوا جہاں فریقین نے ایک دوسرے سے براہ راست بات چیت تو نہیں کی لیکن علیحدہ علیحدہ عمانی وزیر کارجہ سے ملاقات میں اپنے اپنے تحفظات اور مطالبات پیش کیے۔ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا اب دوسرا جلد ہی شروع ہونے والا ہے تاہم اس سے قبل وزیر خارجہ مارکو روبیو کے اس مایوس کن بیان نے ایک بار پھر کئی خدشات کو جنم دیدیا ہے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل