Wednesday, February 18, 2026
 

افغانستان میں فضائی کارروائی کرنے سے نہیں ہچکچائیں گے، خواجہ آصف

 



وزیردفاع خواجہ آصف نے پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائی کو طالبان اور بھارت کی پراکسی جنگ کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے واضح کردیا ہے کہ افغانستان میں فضائی کارروائی کرنے سے نہیں ہچکچائیں گے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے فرانسیسی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں بتایا کہ پاکستان افغانستان میں فضائی کارروائی کرنے سے نہیں ہچکچائے گا، پاکستان پر حملے طالبان اور بھارت کی پراکسی جنگ کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہلی، کابل اور دہشت گرد گروہ پاکستان پر حملوں میں ملوث ہیں، کالعدم ٹی ٹی پی، داعش سمیت دیگر تمام دہشت گرد گروہ افغانستان میں موجود ہیں اور پاکستان پر حملے کابل کی مرضی یا سرپرستی کے بغیر نہیں ہوسکتے۔ وزیردفاع نے کہا کہ اگر کابل میں کوئی امن کی ضمانت دے تو دشمنی نہیں ہوگی، مگر وہ بدستور سرپرستی اور سازش میں شریک ہیں، افغانستان پر عملی کنٹرول انہی کے پاس ہے، اگر یہ گروہ ان کی سرزمین سے کام کر رہے ہیں تو ذمہ داری بھی انہی کی ہے اور وہ اس سے انکار نہیں کر سکتے۔ خواجہ آصف نے بتایا کہ کچھ دوست ممالک نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان ثالثی کی کوشش کی، استنبول، دوحہ اور کابل میں ہونے والی ملاقاتوں کا حصہ رہا ہوں مگر ان کوششوں کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ بھارت کے ساتھ جنگ کا امکان موجود ہے، خواجہ آصف وزیردفاع نے کہا کہ بھارت کے ساتھ جنگ کا امکان اب بھی موجود ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ گزشتہ سال مئی میں چار روزہ جنگ میں بھارت کو بری طرح شکست ہوئی، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بار بار طیاروں کی تعداد کا ذکر کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی بین الاقوامی سطح پر تذلیل ہوئی ہے کیونکہ ایک ایسے ملک کے ہاتھوں جو جغرافیہ اور فوج دونوں اعتبار سے ان سے کہیں چھوٹا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فضائیہ نے اپنی فضائی حدود میں کی مداخلت کی ہر کوشش ناکام بنا دی، دہلی کے کابل سے قریبی تعلقات ہیں اور فی الحال ہمارا بھارت سے براہ راست یا بالواسطہ کوئی رابطہ نہیں ہے۔ غزہ پاکستانیوں کے دل کے بہت قریب ہے، خواجہ آصف خواجہ آصف نے کہا کہ غزہ پاکستانیوں کے دل کے بہت قریب ہے، ہم کئی برسوں سے اقوام متحدہ کی امن فوج میں حصہ لیتے آ رہے ہیں، ہم اقوام متحدہ کی امن مشنز میں سب سے بڑے معاونین میں شامل رہے ہیں، لہٰذا ہمارے پاس اس کا تجربہ موجود ہے۔ وزیردفاع نے کہا کہ غزہ اور فلسطین کا معاملہ ہمارے اور پاکستانی عوام کے دلوں کے بہت قریب ہے، ہم کئی دہائیوں سے ان کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کرتے آئے ہیں، ہم نے دنیا کے ہر دستیاب فورم پر فلسطین کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل