Saturday, February 21, 2026
 

جرائم پیشہ افراد کے خلاف مبینہ پولیس مقابلوں میں 8 ملزمان گرفتار

 



جرائم پیشہ افراد کے خلاف مختلف علاقوں میں پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں جس میں مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران زخمی سمیت 8 ملزمان گرفتار ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق صفورہ چورنگی کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران زخمی سمیت 3 ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔ ترجمان ضلع ایسٹ پولیس کے مطابق رم جھم ٹاور کے قریب چار رکنی ڈکیت گینگ سے پولیس کا فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ دوطرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک زخمی سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ ایک ساتھی فرار ہوگیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت بشیر احمد ولد لال بخش، فرحان ولد نور محمد اور فیض اللہ ولد اسد اللہ کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے تین غیر قانونی پستول بمعہ ایمونیشن، موبائل فونز اور دو موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ دوسری جانب ضلع ملیر میں تھانہ اسٹیل ٹاؤن کی حدود میں حساس ادارے اور ملیر پولیس کے ساتھ مسلح ملزمان کا مںینہ مقابلہ ہوا۔ ایس ایس پی ملیر عبد الخالق پیرزادہ کے مطابق ایک زخمی ملزم صادق افغانی عرف شوٹر کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم شہر میں متعدد سنگین جرائم میں مطلوب تھا اور اسٹریٹ کرائم کی سو سے زائد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔ ملزم کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، موبائل فون اور نقدی برآمد کر کے اسلحہ فرانزک جانچ کے لیے روانہ کردیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم ماضی میں پولیس اور رینجرز پر فائرنگ اور ایک سب انسپکٹر کی شہادت کے واقعے میں بھی ملوث رہا ہے۔ ادھر شاہراہ نور جہاں تھانے کی حدود عبداللہ کالج کے قریب کے ڈی اے گراؤنڈ بلاک U میں موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان سے مقابلہ ہوا۔ پولیس نے دونوں ملزمان جاوید مگسی اور فیضان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے دو ٹی ٹی پستول اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔ دریں اثنا ڈسٹرکٹ کیماڑی عابد آباد کے علاقے میں اتحاد ٹاؤن پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک زخمی سمیت دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ ایس ایس پی کیماڑی امجد احمد شیخ کے مطابق ملزمان سے دو پستول اور مسروقہ موٹر سائیکل برآمد ہوئی جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ اس سے قبل لیاقت آباد، تین ہٹی برج کے قریب پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم عامر قریشی زخمی حالت میں گرفتار ہوئے جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔ ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول بمعہ لوڈ میگزین اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔ زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل