Friday, February 27, 2026
 

میراگھر میرا آشیانہ اسکیم کے تحت قرض کی حد ایک کروڑ تک بڑھانے کی منظوری

 



وفاقی کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے میرا گھر میرا آشیانہ اسکیم کے تحت قرض کی حد بڑھا کر  ایک کروڑ ن روپے تک کرنے، رہائشی یونٹس کے اہل سائز میں توسیع، تمام صارفین کے لیے یکساں 5 فیصد شرح مقرر کرنے سمیت اسکیم میں اہم ترامیم کی منظوری دے دی۔ وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) کا اجلاس ہوا، جس میں عام آدمی کو گھر کی سہولت فراہم کرنے اور معیشت کو متحرک بنانے سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ اجلاس میں وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی جانب سے پیش کی جانے والی میرا گھر میرا آشیانہ (ایم جی ایم اے)کم لاگت رہائشی فنانسنگ اسکیم کی نظرثانی شدہ خصوصیات کی سمری کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ اسکیم کے آغاز سے اب تک عوام کی جانب سے بھرپور دلچسپی سامنے آئی ہے اور 10 ہزار 594 سے زائد قرض درخواستیں موصول ہو چکی ہیں جبکہ ادائیگیوں کا عمل بھی جاری ہے۔ اجلاس میں ای سی سی نے قرض کی حد بڑھا کر 10 ملین روپے تک کرنے، رہائشی یونٹس کے اہل سائز میں توسیع، تمام صارفین کے لیے یکساں 5 فیصد شرح مقرر کرنے، آئندہ چار سال کے دوران ہاؤسنگ فنانس کے اہداف میں وسعت، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذریعے عمل درآمد جاری رکھنے اور پہلے سے جاری شدہ قرضوں کو بھی 5 فیصد شرح پر لانے کی منظوری دے دی ہے تاکہ یکسانیت برقرار رہے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ کمیٹی نے ہدایت کی کہ سبسڈی کی ادائیگیاں حقیقی اجرا کے مطابق اور سالانہ مالی گنجائش کے اندر کی جائیں، اس نظرثانی شدہ فریم ورک کا مقصد کم آمدنی والے طبقات کے لیے گھروں کی فراہمی آسان بنانا، تعمیراتی شعبے کو فروغ دینا، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور متوازن رسک شیئرنگ و مارک اپ سبسڈی ماڈل کے ذریعے پائیدار گھر کی ملکیت یقینی بنانا ہے۔ اجلاس میں وزارتِ داخلہ و انسداد منشیات کی جانب سے نیشنل پروگرام فار انہانسنگ کمانڈ ایریاز ان بارانی ایریاز آف پاکستان کے آئی سی ٹی جزو کے لیے 7.289 ملین روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی ہے جس کا مقصد بارانی علاقوں میں زرعی پیداوار بہتر بنانا ہے۔ علاوہ ازیں ریلوے ڈویژن کی سمری پر تھر کول ریل کنیکٹیویٹی منصوبے کے لیے 6.61 ارب روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ بطور بجٹ کوریج منظور کی گئی ہے تاکہ مقامی کوئلے کی پاور پلانٹس اور صنعتی شعبے تک ترسیل ممکن ہو سکے اور توانائی کے شعبے میں درآمدی ایندھن پر انحصار کم کیا جا سکے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل