Loading
خطے میں بڑھتے ہوئے سیکیورٹی خدشات کے باعث دنیا کی بڑی ایئرلائنز نے مشرقِ وسطیٰ کے متعدد ممالک کے لیے اپنے فضائی آپریشنز معطل، محدود یا متبادل راستوں پر منتقل کر دیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مختلف ایئرلائنز کا کہنا ہے کہ یہ فیصلے مسافروں اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔
قطر ایئر ویز نے دوحہ آنے اور جانے والی تمام پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔ یہ اقدام اس وقت اُٹھایا گیا جب ایران نے قطر میں امریکی ایئر بیس کو نشانہ بنایا ہے۔
قطر نے ایران کے اس حملے کے بعد اپنی فضائی حدود کو بند کرنے کا اعلان کیا تھا تاکہ کسی ممکنہ سانحے سے محفوط رہا جا سکے۔
ایئر لائن کے مطابق وہ متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور فضائی حدود بحال ہوتے ہی پروازیں دوبارہ شروع کر دی جائیں گی۔
اسی طرح ایمریٹس نے بھی دبئی آنے اور جانے والی اپنی پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی ہیں۔ ایئر لائن نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے پہلے تازہ ترین صورتحال ضرور چیک کریں۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ مسافروں کو ری بکنگ، رقم کی واپسی یا متبادل سفری انتظامات کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
ورجن اٹلانٹک نے بھی لندن ہیتھرو سے دبئی جانے والی اپنی پرواز منسوخ کر دی ہے جبکہ کمپنی نے خبردار کیا ہے کہ انڈیا، مالدیپ اور سعودی عرب جانے والی پروازوں کو متبادل راستوں کے باعث زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔
اسی طرح برٹش ایئر ویز نے تل ابیب اور بحرین کے لیے اپنی پروازیں بدھ تک منسوخ کر دی ہیں جبکہ عمان جانے والی پرواز بھی معطل کر دی گئی ہیں۔
ہنگامی صورت حال کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ لندن سے دوحہ جانے والی ایک پرواز کو منزل کے قریب پہنچ کر واپس موڑ دیا گیا۔
وزز ایئر نے اسرائیل، دبئی، ابوظہبی اور عمان کے لیے تمام پروازیں فوری طور پر معطل کر دی ہیں جبکہ سعودی عرب کے لیے اس کی پروازیں منگل تک منسوخ رہیں گی۔
ان کے علاوہ ایئر انڈیا، لفتھانسا اور ترکش ایئرلائنز نے بھی مشرقِ وسطیٰ کے لیے متعدد پروازیں منسوخ یا محدود کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایئرلائنز کا کہنا ہے کہ وہ خطے کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور جیسے ہی فضائی حدود محفوظ قرار دی جائیں گی، پروازوں کا شیڈول مرحلہ وار بحال کر دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ قومی ایئر لائن نے بھی خلیجی ممالک کے لیے اپنا فضائی آپریشن فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات، بحرین، دوحہ اور کویت کے لیے شیڈول تمام پروازیں عارضی طور پر روک دی گئی ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق یہ معطلی ابتدائی طور پر اتوار کی شام تک یا خطے میں فضائی حدود کی بحالی تک برقرار رہے گی۔
پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے لیے پروازیں بدستور جاری رہیں گی تاہم حفاظتی وجوہات کی بنا پر ان کا روٹ تبدیل کر دیا گیا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل