Saturday, February 28, 2026
 

وزیراعظم کا سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو فون، خلیجی ممالک میں کشیدہ صورتحال پر اظہار یکجہتی

 



وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کو فون کرکے ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملے اور بعدازاں خلیجی ممالک پر حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یک جہتی اور حمایت کا یقین دلایا۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک گفتگو کی اور آج اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کے نتیجے میں خلیجی ممالک پر ہونے والے افسوس ناک حملوں کے بعد پیدا ہونے والی سنگین علاقائی کشیدگی کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لیے انتہائی خطرناک ہیں اور صورت حال کو مزید بگاڑ سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے موجودہ حالات میں سعودی قیادت کے ساتھ پاکستان کی مکمل یک جہتی اور بھرپور حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر حال میں، ہر وقت اور ہر مشکل گھڑی میں اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔  انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنی ثابت قدم حمایت جاری رکھے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اس نازک مرحلے پر تعمیری اور مثبت کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے اور دعا کی کہ ماہ مقدس رمضان المبارک کی برکتوں کے طفیل خطے میں جلد از جلد امن، استحکام اور ہم آہنگی قائم ہو۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل