Loading
کراچی پولیس چیف آزاد خان نے پاک-افغان سرحد کے قریب بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں کراچی کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے پبلک سیفٹی ایڈوائزری جاری کر دی ہے عوام کو چوکنا اور باخبر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کراچی پولیس چیف آزاد خان کی جانب سے جاری پبلک سیفٹی ایڈوائزری کے مطابق پاک-افغان سرحد کے قریب پاکستان اور افغان طالبان فورسز کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد کراچی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں نے نگرانی مضبوط بناتے ہوئے اہم داخلی و خارجی راستوں، نقل و حمل کے مراکز، حساس اور اہم مقامات پر سیکیورٹی کو مزید مؤثر اور سخت کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ سیکیورٹی خطرات کو پیشگی روکا اور ناکام بنایا جا سکے۔
ترجمان کراچی پولیس نے بتایا کہ رہائشیوں اور مسافروں کے لیے بھی حفاظتی اقدامات جاری کیے گئے ہیں، جس کے مطابق عوام چوکنا اور باخبر رہیں، مقامی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں و صوبائی حکام کی جانب سے جاری کردہ اعلانات سے چوکنا رہیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا غیر معمولی نقل و حرکت، لاوارث اشیا، پیکٹ یا حساس مقام پر مشکوک افراد کو دیکھ کر فوری طور پر اس کی اطلاع مدد گار 15 پولیس کو دیں۔
مزید بتایا گیا کہ شہری سیکیورٹی اہلکاروں کی ہدایت پر عمل درآمد یقینی بنائیں کسی بھی مقام، چیک پوسٹس یا سرچ آپریشن کے دوران عوام پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کریں۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ شہری پرسکون رہیں اور کسی بھی معلومات کی ضرور تصدیق کریں، غیر تصدیق شدہ افواہوں یا خوف پھیلانے والے مواد سوشل میڈیا پر ہرگز شیئر نہ کریں۔
کراچی پولیس نے بتایا کہ حال ہی میں کچھ شاپنگ سینٹرز اور تجارتی علاقوں کے حوالے سے ایک جھوٹی اور بے بنیاد اطلاع سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی تھی جس کی وجہ سے عوام میں خوف و ہراس پیدا ہوا تاہم عوام صرف سندھ پولیس، مقامی انتظامیہ یا سرکاری پریس بریفنگز کے جاری کردہ سرکاری بیانات پر ہی بھروسہ کریں۔
پبلک سیفٹی ایڈوائزری کے مطابق تمام مسافروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ہوائی اڈے اور اہم مقامات پر سخت جانچ پڑتال، اسٹاپ اینڈ سرچ اقدامات اور بڑھتی ہوئی سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر اپنے گھر سے معمول سے کم از کم ایک گھنٹہ پہلے روانہ ہوں، ہوائی اڈے پر رش سے بچنے کے لیے مسافر کے ہمراہ صرف ایک شخص کو مقررہ ڈراپ آف یا پک اپ پوائنٹ تک جانے کی اجازت ہوگی۔
پولیس نے کہا ہے کہ شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ہر وقت اپنا قومی شناختی کارڈ ساتھ رکھیں جس کی وجہ مختلف چیک پوائنٹس پر تصدیق کے لیے ضرورت پڑ سکتی ہے جبکہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا ہنگامی صورت حال میں فوری طور پر مددگار 15 پر رابطہ کریں بصورت دیگر پولیس کی لینڈ لائن 02199225327 پر فوری اطلاع دیں۔
ترجمان پولیس نے بتایا کہ قومی سلامتی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے خطرات کا جواب دینے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، تمام اقدامات امن، استحکام اور عوامی حفاظت یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں، جس میں شہری اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے تعاون جاری رکھیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل