Saturday, February 28, 2026
 

پاکستان اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف بلاجواز حملوں کی مذمت کرتا ہے، دفترخارجہ

 



پاکستان نے ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے مذمت کی ہے اور مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی پر پاکستان افسوس کا اظہار کرتا ہے اور مشرق وسطیٰ میں مذاکرات کی ناکامی اور جاری کشیدگی پر انتہائی افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ  پاکستان اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف بلاجواز حملوں کی مذمت کرتا ہے، یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے جب مسئلے کے پرامن اور مذاکراتی حل کے لیے سفارتی کوششیں جاری تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کی کارروائیاں پورے خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچا سکتی ہیں اور ان کے دوررس نتائج برآمد ہوں گے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے ایران کی جانب سے برادر ممالک سعودی عرب، بحرین، اردن، کویت، قطر اور متحدہ عرب امارات پر حملوں کی بھی سخت مذمت کی ہے، پاکستان نے ان تمام برادر ممالک کے ساتھ مکمل یک جہتی کا اظہار کیا ہے۔ تمام فریقین سے اپیل کرتے ہوئے انہون نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ تحمل اور ضبط کا مظاہرہ کیا جائے تاہم خلیجی ریاستوں کی خودمختاری کی خلاف ورزی ناقابل قبول ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں حملے کے دوران ایک پاکستانی شہری کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعے کی مذمت کی۔ انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ مزید ایسی کارروائیوں سے گریز کریں جو خطے کے دیگر ممالک کی سلامتی اورعلاقائی خودمختاری کو نقصان پہنچا سکتی ہیں لہٰذا بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کی پاسداری ناگزیر ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے تمام متعلقہ فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ سفارت کاری کی جانب واپس آئیں اور بحران کے پرامن اور مذاکراتی حل کو ترجیح دیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل