Loading
کورنگی کے علاقے زمان ٹاؤن سیکٹر 35 اے میں واقع رہائشی مکان میں ڈکیتی کی بڑی واردات ہوئی، جہاں تین مسلح ملزمان اسلحے کے زور پر گھر میں داخل ہوئے اور کروڑوں روپے مالیت کے طلائی زیورات و نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق متاثرہ خاندان نے پولیس کو بتایا کہ تین مسلح ملزمان اسلحے کے زور پر گھر میں داخل ہوئے اور اہل خانہ کو یرغمال بنالیا۔ ڈاکوؤں نے گھر میں موجود تمام افراد کو ایک کمرے میں بند کردیا اور اطمینان سے لوٹ مار کرتے رہے۔
متاثرہ شہری ظفر کے مطابق ملزمان گھر میں رکھا تقریباً 22 تولہ سونا اور ایک کروڑ 85 لاکھ روپے نقدی سمیت مجموعی طور پر تقریباً 3 کروڑ روپے مالیت کا سامان لوٹ کر فرار ہوئے۔ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ہے جس میں مسلح ملزمان کو گھر کے اندر داخل ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ متاثرہ ظفر نامی شہری کی مدعیت میں تھانہ کورنگی میں درج کرلیا گیا ہے ۔ تفتیش کے دوران واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرلی گئی جس میں ملزمان کو گھر میں داخل ہوتے دیکھا گیا ہے، ان سی سی ٹی وی کی مدد سے ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں پر تفتیش کی جارہی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل