Sunday, March 01, 2026
 

ایران کے جوابی حملوں میں 9 اسرائیلی ہلاک، 50 زخمی

 



ایران کی اسرائیل اور امریکا کے حملوں کے بعد جوابی کارروائی میں یروشلم کے قریب بیت شمیش میں 9 اسرائیلی ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ 11 افراد لاپتا ہیں۔ اسرائیلی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اتوار کو یروشلم کے قریب بیت شمیش میں ایرانی بلیسٹک حملے میں 9 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ اسرائیلی ایمبولینس سروس نے بتایا کہ حملے میں بم پروف عمارت کو نشانہ بنایا گیا اور حملہ اس قدر شدید تھا کہ قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ بیان میں کہا گیا کہ 8 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے اور 28 افراد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتلق کیا گیا تھا جبکہ دو افراد کی حالت خطرے میں بتائی گئی تھی تاہم تھوڑی دیر بعد 9 ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی۔ یروشلم میں قائم ایک اسپتال کے مطابق چار سالہ بچے سمیت 6 افراد کو طبی امداد دی جا رہی ہے، جنہیں معمولی زخم آئے ہیں جبکہ دیگر زخمیوں کو دیگر بڑے اسپتالوں کی طرف روانہ کردیا گیا ہے۔ بعد ازاں پولیس نے بتایا کہ حملے کے بعد 11 افراد لاپتا ہیں تاہم تلاش کا عمل جاری ہے۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ ایرانی بلیسٹک میزائل کو ناکارہ بنانے میں ناکامی کی تحقیقات اسرائیلی ایئرفورس کی سربراہی میں کی جا رہی ہے۔ اسرائیلی میڈیا نے بتایا کہ تل ابیب میں گزشتہ روز ایرانی حملے میں زخمی ہونے والی خاتون بھی ہلاک ہوگئی ہیں۔ رپورٹ میں بتایاگیا کہ ایرانی حملوں میں بیت شمیس میں ہائی وے کو بھی نقصان پہنچا ہے تاہم چند افراد کے معمولی زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ کسی کو اسپتال منتقل نہیں کیا گیا۔ اسرائیلی وزارت صحت کے مطابق ایرانی حملوں میں اب تک 456 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے، اسی طرح کئی افراد ایرانی حملوں سے بچنے کے لیے محفوظ مقامات کی طرف بھاگتے ہوئے بھی زخمی ہوئے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل