Loading
آرمی چیف، چیف آف ڈیفنس فورسز و فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا، انہیں مغربی سرحد اور آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی، آپریشن غضب للحق میں تازہ پیش رفت سے آگاہ کیا گیا، آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کا استعمال ناقابل قبول ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے مغربی سرحد پر موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے جنوبی وزیرستان میں وانا کا دورہ کیا، فیلڈ مارشل نے مادر وطن کے دفاع میں لازوال قربانیاں دینے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں پاکستان کی سلامتی اور استحکام کی بنیاد ہیں۔ دورے کے دوران فیلڈ مارشل کو سیکیورٹی صورتحال، انٹیلی جنس بیسڈ جاری آپریشنز اور بارڈر مینجمنٹ کے لیے کیے گئے اقدامات کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل کو جاری آپریشن غضب للحق اور پاکستان افغانستان سرحد پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سید عاصم منیر نے اگلے مورچوں پر تعینات افسران اور جوانوں کے ساتھ بات چیت کی اور جاری جھڑپوں کے دوران ان کی غیر متزلزل پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاری اور بلند حوصلے کو سراہا۔
انہوں نے پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ اور خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے ان کے ثابت قدم عزم کو سراہا۔ فیلڈ مارشل نے اس بات پر زور دیا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین کا استعمال ناقابل قبول ہے اور سرحد پار سے پیدا ہونے والے خطرات سے نمٹنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں فریقوں کے درمیان امن صرف اسی صورت میں قائم ہو سکتا ہے جب افغان طالبان دہشت گردی اور دہشت گرد تنظیموں کی حمایت ترک کر دیں۔
پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں کو سراہتے ہوئے فیلڈ مارشل نے پاکستان افغانستان سرحد پر تعینات فارمیشنز کی جنگی تیاری، ہم آہنگی مکمل اعتماد کا اظہار کیا، وانا پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل