Wednesday, March 04, 2026
 

اگلی باری کس کی ؟

 



ایران امریکا اور اسرائیل جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی ہے۔جب تک میں تحریر لکھ رہا ہوں ایران قابل قدر مزاحمت کر رہا ہے۔ امریکا اور اسرائیل بھی وحشیانہ بمباری کر رہے ہیں۔لیکن ابھی سیز فائر کا کوئی ماحول نظر نہیں آرہا۔ ایران بھی سیز فائر کے لیے تیار نہیں اور امریکا اور اسرائیل کی جانب سے بھی سیز فائر کا کوئی اعلان نہیں۔ نہ ایران کو ابھی کوئی فتح ملی ہے اور خامنہ ای کی شہادت کے باوجود امریکا اور اسرائیل کو بھی کوئی فتح نہیں ملی ہے۔ ایران کے میزائل ابھی چل رہے ہیں۔ یہی اس کی فتح ہے۔ امریکا اور اسرائیل نے رجیم چینج کا نعرہ تو لگا دیا ہے۔ لیکن کوئی راستہ ابھی نظر نہیں آرہا ۔ ایک سوال جو بہت پوچھا جا رہا ہے کہ ایران کے بعد اگلی باری کس کی ہے۔ پہلے کہا جاتا تھا کہ سعودی عرب کی باری ہے۔ اب کہا جا رہا ہے کہ اگلی باری ترکی کی ہے۔ پھر کہا جا رہا ہے کہ ترکی کے بعد پاکستان کی باری ہے۔ پاکستان کے حوالے سے ایک سیکیورٹی عہدیدار کا جواب بھی آیا ہے کہ پاکستان ایک نیو کلئیر ملک ہے۔ ہمارے پاس ایٹم بم ہے۔ ہمارا دفاع مضبوط ہے۔ اس لیے یہ تھیوری کہ اس کے بعد پاکستان کی باری ہے غلط ہے۔ اسرائیل کو علم ہے کہ پاکستان دفاعی طو رپر بہت مضبوط ہے۔ بھارت اسرا ئیل سے بڑا ملک ہے۔ دفاعی طور پر بھی زیادہ مضبوط ہے۔ جب بھارت پاکستان سے نہیں لڑ سکتا تواسرائیل کیا لڑے گا۔ میں اس وقت ایران کی خارجہ پالیسی پر کوئی خاص تنقید نہیں کرنا چاہتا۔ یہ موقع نہیں ہے۔ لیکن پھر بھی پاکستان دنیا میں کوئی تنہا بھی نہیں ہے۔ اس لیے پاکستان کی باری کے حوالہ سے جتنی بھی گفتگو ہو رہی ہے وہ فضول ہے۔ اس میں کوئی دلیل نہیں۔ البتہ اس بات کے حق میں کافی دلائل موجود ہیں کہ پاکستان کی باری نہیں آسکتی۔ ہم دنیا کے لیے کوئی خطرہ نہیں بلکہ دنیا کے نظام میں ہمارا ایک فعال کردار ہے۔ ہم اسلامی دنیا میں بھی کوئی تنہا نہیں ہیں پھر ہماری فوجی طاقت بے مثال ہے۔ جہاں تک ترکی کی بات ہے۔ میں اس بات کو بھی نہیں مانتا کہ اگلی باری ترکی کی ہے۔ یہ درست ہے کہ پاکستان نے آج تک اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا۔ پاکستان اور اسرائیل کے کوئی سفارتی تعلقات نہیں ہیں لیکن ترکی نے اسرائیل کو بطور ملک تسلیم کیا ہو اہے۔ ترکی اور اسرائیل کے سفارتی تعلقات موجود ہیں۔ بلکہ ترکی اور اسرائیل کے درمیان تو تجارت بھی موجود رہی ہے،آجکل معطل ہے۔ ترکی کا فلسطین کے لیے موقف قابل قدر ہے۔ ترکی غزہ کے فلسطینیوں کے حق میں بھی آواز بلند کرتا ہے، ترکی بورڈ آف پیس کا بھی ممبر ہے لیکن ترکی اور اسرائیل کے سفارتی تعلقات بھی ہیں۔ میں ترکی پر تنقید نہیں کر رہا ہے لیکن حقیقت یہی ہے کہ ترکی نے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات غزہ کے بحران کے دوران بھی قائم رکھے۔صرف تجارت معطل کی ہے اور اب ایران تنازعہ میں بھی ترکی کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم ہیں۔ ترکی نیٹو کا بھی ممبر ہے۔ اس طرح ترکی امریکا کا اتحادی بھی ہے، ترکی کی امریکا سے بھی کوئی لڑائی نہیں، بلکہ نیٹو ممبر کی وجہ سے ترکی پر حملہ تمام نیٹو ممالک پر حملہ تصور ہوگا ۔ اس لیے ترکی پر اسرائیل کا حملہ ممکن نظر نہیں آتا ۔ یہ درست ہے کہ اسرائیل کو سعودی عرب، ترکی اور پاکستان کے اتحاد پر تشویش ہے ۔ اسرائیل سے کچھ ایسے بیان آئے ہیں کہ یہ اتحاد اسرائیل کے لیے تشویشناک ہے۔ لیکن ابھی نہ تو یہ اتحاد بنا ہے۔ ابھی ترکی سعودی عرب اور پاکستان کے ساتھ دفاعی معاہدہ میں شامل نہیں ہوا ہے۔ اس لیے یہ سب قیاس آرائیاں ہیں۔ اسرائیل اور ترکی کے درمیان تجارتی راہداریوں پر بات چیت ر ہتی ہے۔ ترکی دفاعی طور پر بھی ایک مضبوط ملک ہے۔ اس کی دفاعی طاقت بہت زیادہ ہے۔ اس کے پاس نیو کلئیر پاور نہیں ہے لیکن اس کے باوجود اس کا دفاع بہت مضبوط ہے۔اگر ایران کے ساتھ جنگ اتنی مشکل ہے تو ترکی کے ساتھ تو بہت مشکل ہوگی۔ ترکی خطے کا ایک بڑا کھلاڑی ہے، اس لیے اسرائیل کا ترکی کی طرف دیکھنا بھی مشکل ہے۔اسرائیل اور ایران کی جنگ کی کئی وجوہات ہیں، ایک وجہ نہیں ہے۔ میں مانتا ہوں کہ اسرائیل اور امریکا نے ایران پر غلط حملہ کیا ہے، یہ حملہ ناجائز ہے، اس کی کوئی قانونی وجہ نہیں ہے، یہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ لیکن یہ بھی تو حقیقت ہے کہ ایران امریکا اور اسرائیل کئی دہائیوں سے حالت جنگ میں ہیں۔ ایران حزب اللہ، حماس اور حوثیوں کے ذریعے مسلسل اسرائیل کے ساتھ لڑ رہا تھا۔ اسرائیل اور امریکا بھی معاشی پابندیوں اور دیگر حربوں سے ایران کے ساتھ لڑ رہے تھے۔ اب حقیقی جنگ ہو رہی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ فائنل جنگ ہے، اس کے بعد ایران اسرائیل اور امریکا کی کوئی جنگ نہیں ہو سکے گی۔ دنیا میں جنگیں جاری رہتی ہیں۔ امریکا کو جنگوں کا ماہر سمجھا جاتا ہے لیکن موجودہ جنگ امریکا کے لیے آسان نہیں ہے۔ آج بھی زیادہ تر دفاعی تجزیہ نگار امریکا کی جیت کی پیش گوئی کر رہے ہیں۔ لیکن جیت کیا ہوگی، سوال یہی ہے فوج کس کی اور کب داخل ہوگی۔ اسرائیل کے پاس ایسی کوئی فوج نہیں جو وہ ایران میں داخل کر سکے۔ امریکا بھی کوئی بڑی فوج ایران کے پاس لے کر نہیں آیا ہوا کہ ہم کہہ سکیں کہ امریکی فوج داخل ہو جائے گی۔ اس لیے جہاں امریکی جیت کی بات ہو رہی ہے وہاں یہ سوال موجود ہے کہ فوج کس کی اور کب جائے گی۔ ابھی تک اس کی کوئی تیاری نظر نہیں آرہی۔ ابھی تک دنیا کا کوئی بھی ملک ایران میں فوج بھیجنے کو تیارنہیں۔ نیٹو بھی ساتھ نہیں۔ اس لیے یہ سوال موجود ہے کہ رجیم چینج فوج بھیجے بغیر ممکن نہیں اور فوج بھیجنے کے لیے کوئی تیار نہیں۔ اگلی باری کس کی ہے یہ ایک ثقیل بحث ہے۔ ہر جگہ نظر آرہی ہے ۔ پاکستان اور ترکی کو ایران کے ساتھ کھڑے ہوکر اس جنگ میں شامل ہونے کی دلیل یہی ہے کہ اگلی باری آپ کی ہے۔ امریکا نے پہلے عراق کو گرایا، شام کو گرایا، لیبیا کو گرایا، اب ایران کو گرا رہا ہے پھر آپ کی باری ہے۔ اس لیے آج ہی اس جنگ میں شامل ہو جائیں۔ لیکن دوسری طرف یہ دلیل بھی ہے کہ ایک مفروضہ پر تو کسی جنگ میں شامل نہیں ہوا جا سکتا۔ لیکن آج کل یہ بحث ہے کہ اگلی باری کس کی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل