Saturday, March 07, 2026
 

فن تبصرہ نگاری کیا ہے

 



تبصرہ نگاری مضمون نویسی کی ایک شکل ہے، ادب و صحافت میں اسے ایک مستقل صنف اور فن کا درجہ حاصل ہے۔ ہمارے بعض طلبا تبصرہ نگاری اور تجزیہ نگاری کو ہم معنی سمجھتے ہیں جوکہ درست نہیں ہے۔ تجزیہ کسی پیچیدہ مسئلہ، واقعہ یا کسی موضوع کے اجزا کو الگ الگ کرکے ان کا گہرا مطالعہ کرنے کا نام ہے، اس میں آزادی فکر کے ساتھ غیر جانبداری سے کیوں کیا اورکیسے کی بنیاد پر تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر نتائج اخذ کیے جاتے ہیں، تحریر میں مختلف مکاتب فکر اور ان کی آرا اور نقطہ نظر کو شامل کرنا ضروری ہوتا ہے۔ ایک عام خیال ہے کہ دوسرے کے موقف کو پیش کرنے سے آپ کا موقف کمزور ہو جاتا ہے، یہ رائے درست نہیں۔ میری رائے میں دوسروں کے موقف کو پیش کرنے سے نہ صرف تحریر دلکش ہو جاتی ہے بلکہ پراثر بھی۔ صرف اپنے موقف کو پیش کرنا اور مخالف کے نقطہ نظر کو نظرانداز کرنا تجزیہ کو غیر معیاری اور غیر متوازن بنا دیتا ہے، اس لیے تجزیہ کو متوازن، دلکش اور پراثر بنانے کے لیے ضروری ہے کہ تجزیہ میں مخالف کے موقف کو بھی تحریر میں لایا جائے تاکہ تجزیہ متوازن شمار کیا جاسکے۔ تجزیہ نگار جب اپنے مشاہدے اور وجدان کے نتیجے میں کسی واقع پر قلم اٹھاتا ہے تو اس کے مختلف پہلوؤں کو دلیل کے ساتھ اس کے سیاق و سباق کی روشنی میں پیش کرتا ہے۔ تجزیہ نگاری میں حقائق کو سامنے رکھ کر تمام محرکات ان کے متوقع نتائج کو خوش اسلوبی سے پیش کیا جانا ضروری ہے۔ تجزیہ ذاتی خواہشات، سیاسی، سماجی تعصبات اور عصبیت سے پاک ہونا چاہیے۔ تجزیہ کے برعکس تبصرے کا مقصد قارئین کو بنیادی معلومات فراہم کرنا ہے تبصرہ ہر شے، ہر کام اور ہر چیز پر ہو سکتا ہے۔ تبصرہ ملکوں پر بھی کیا جاتا ہے نظاموں پر بھی، تبصرہ شخصیات پر بھی کیا جاتا ہے اور کتابوں پر بھی، مثلاً ہم کتاب پر تبصرہ کرتے ہیں تو اس میں کتاب کے بارے میں بنیادی معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔ اس میں کتاب کے مصنف کا مختصراً تعارف، کتاب کے موضوع اور اس کا مرکزی خیال اور کتاب کے خد و خال کی نشان دہی کی جاتی ہے تاکہ قاری کو اس کے مطالعے کی جانب راغب کیا جاسکے۔ جس طرح کسی بھی فن کے کچھ اصول اور ضابطے ہوتے ہیں، اسی طرح تبصرہ نگاری کے بھی کچھ اصول اور ضابطے ہیں جن کا جاننا ضروری ہے۔ ہمارے یہاں یہ دیکھا گیا ہے کہ بعض لکھنے والے وقت کی عدم دستیابی، ذاتی مصروفیات اور جسمانی کاہلی کے باعث عمومی طور پر کتاب پڑھے بغیر کتاب پر تبصرہ لکھ دیتے ہیں، دیباچہ اور پیش لفظ سے کتاب کا مرکزی خیال اخذ کیا۔ فہرست مضامین پر سرسری نظر ڈال کر موضوع کی مناسبت سے اہم عنوانات کو سامنے رکھ کر اپنی بات واضح کی اور چند رسمی تفریحی کلمات شامل کرکے کتاب پر تبصرہ قارئین کے سامنے پیش کر دیا۔ تبصرہ نگاری کا یہ طریقہ درست نہیں جو شخص تبصرہ نگاری کے فن پر عبور حاصل کرنے کا خواہش مند ہے، اس کے لیے اسے چند اہم خصوصیات کا حامل ہونا ہوگا۔ تبصرہ نگار کے لیے سب سے پہلے ضروری ہے کہ وہ وسیع مطالعہ ہو اسے زبان اور بیان پر عبور حاصل ہو۔ تبصرہ نگار کے ذاتی خیال اور نظریات اس کے تبصرے پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ تبصرہ نگار متوازن سوچ کا حامل ہو، تبصرہ نگار جس موضوع پر تبصرہ کرنے کا خواہش مند ہو، اس موضوع پر وہ واضح ٹھوس اور مستند معلومات رکھتا ہو۔ وہ فطرت انسانی کی اساس پر درست یا غلط پہلوؤں کا مکمل فہم رکھتا ہو اور اس بنیاد پر اسے درست تجزیہ کرنے کی اس میں صلاحیت موجود ہو۔ یہ وہ خصوصیات ہیں جن کا ایک تبصرہ نگار میں ہونا ضروری ہے ۔ اب سوال یہ ہے کہ تبصرہ نگاری کیسے کریں، اس ضمن میں یاد رکھیں اس کے چار اہم اجزائے ترکیبی ہیں (1)تعارف (2)خلاصا (3)تجزیہ (4)نتیجہ۔ ان چار اہم اجزائے ترکیبی کے دائرے میں رہ کر تبصرہ نگاری کی جا سکتی ہے۔ مثلاً آپ کسی کتاب پر تبصرہ کرنا چاہتے ہیں، کتاب کے تعارف میں کتاب کا نام، مصنف اورکتاب کا موضوع شامل ہے۔ خلاصے میں کتاب کا مرکزی خیال اور اس کی مختصر وضاحت تجزیہ میں کتاب کا اسلوب، مواد اور تنقیدی جائزہ شامل ہے۔ نتیجے میں کتاب کی اور سفارشات کو پیش کیا جاتا ہے۔ میری ناقص رائے میں سب سے پہلے کتاب کے مصنف کے بارے میں آگاہی حاصل کی جائے، مصنف کون ہے؟ اس کا علمی اور فکری پس منظر کیا ہے، مصنف کے پس منظر کو سامنے رکھے بغیر کتاب پر جامع تبصرہ نہیں ہو سکتا۔ مصنف کے پس منظرکا جائزہ تبصرہ نگار کے لیے رائے قائم کرنے میں بہت معاون ہوتا ہے، تاہم مصنف کا غیر ضروری تعارف سے گریز ضروری ہے جس کا کتاب اور کتاب کے موضوع سے کوئی تعلق نہ ہو۔ اس کے بعد کتاب کے موضوع کو سمجھا جائے کہ کتاب کس موضوع اور کس فن پر لکھی گئی ہے، اس کے بعد کتاب سے پوری واقفیت حاصل کی جائے یعنی اسے زیر مطالعہ لایا جائے۔ اس کے بعد کتاب کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے اگر اس میں کوئی نیا پہلو یا نیا زاویہ آپ کے سامنے آئے تو قاری کی توجہ اس جانب دلائی جائے تاکہ کتاب کے مواد کی اہمیت واضح ہو۔ کتاب اگر مختلف ابواب پر مشتمل ہے تو جہاں تک ممکن ہو تمام ابواب کا مرکزی خیال مختصراً پیش کر دیا جائے تاکہ پوری کتاب واضح ہو کر سامنے آ جائے۔ ایسے پہلو جو عام قاری کی نظروں سے اوجھل ہو سکتے ہیں ان کا سامنے لانا بھی ضروری ہے اس سے کتاب کی قدر و قیمت میں اضافہ ہوتا ہے۔ تبصرے میں یہ بات واضح ہو کہ مصنف نے جس موضوع پر کتاب لکھی ہے اس موضوع پر مصنف کا موقف کیا ہے اور وہ کس حد تک درست ہے۔ تحریر میں اسلوب کو بڑی اہمیت حاصل ہوتی ہے بیشتر افراد کتاب پڑھنے یا کتاب نہ پڑھنے کا فیصلہ کتاب کے اسلوب کو دیکھ کر کرتے ہیں ، اگر اسلوب ان کے مزاج سے ہم آہنگ ہوتا ہے تو ایسی کتاب کو اولین ترجیح دیتے ہیں۔ اس لیے تبصرہ نگار کے لیے ضروری ہے کہ وہ مصنف کے اسلوب کو واضح کرنے کے لیے کسی خاص نقطہ یا حصے کو بطور اقتباس شامل کرے تاکہ قارئین پر کتاب کا اسلوب واضح ہو۔ کتاب کی خوبیوں اور خامیوں پر کھل کر اظہار خیال کریں بے جا تنقید اور بے جا تعریف سے گریز ضروری ہے۔ تبصرے کا مقصد اپنی زبان کی مہارت دکھانا نہیں اور نہ ہی دور کی کوڑی لانے کا نام ہے بلکہ اس کا مقصد پڑھنے والوں کو کتاب سے روشناس کرانا ہے اس لیے تبصرہ عام فہم، سادہ ہو، زبان سطحی نہ ہو بلکہ علمی ہو۔ تحریر دلکش اور پراثر ہو جو قاری کو آخر وقت تک جوڑے رکھے۔ تبصرے میں آخر میں یہ بات واضح ہو کہ کتاب کا مطالعہ کس قدر مفید اور ضروری ہے۔ تبصرہ سے قاری کتاب کی جانب راغب ہو تا ہے، اس سے معاشرے میں علمی روایات مستحکم ہوتی ہیں، علمی اور تحقیقی فکر پروان چڑھتی ہے، اس سے علم کو فروغ حاصل ہوتا ہے۔ اس لیے ادب اور صحافت میں تبصرہ نگاری کے فن کو خاص اہمیت حاصل ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل