Loading
بین الاقوامی شہرت یافتہ پاپ اسٹار ریحانہ کے بیورلی ہلز میں واقع گھر پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے بعد پولیس نے ایک مشتبہ خاتون کو حراست میں لے لیا۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لاس اینجلس پولیس ڈپارٹمنٹ کو فائرنگ کی اطلاع ملی، جس پر پولیس اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ فائرنگ کا ہدف ریحانہ کا گھر تھا اور جائے وقوعہ سے اسالٹ رائفل کے خول بھی برآمد ہوئے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذرائع کے مطابق فائرنگ کے وقت ریحانہ گھر میں موجود تھیں تاہم وہ محفوظ رہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تقریباً تیس سالہ خاتون گاڑی میں سوار ہو کر گھر کے باہر رکی اور مبینہ طور پر سات گولیاں چلانے کے بعد وہاں سے تیزی سے فرار ہوگئی۔
بعد ازاں پولیس نے مشتبہ خاتون کی گاڑی تقریباً آٹھ میل کے فاصلے پر تلاش کرلی جہاں سے اسے گرفتار کر لیا گیا۔ حکام کے مطابق اس کی شناخت تاحال عوامی طور پر ظاہر نہیں کی گئی جبکہ واقعے کے ممکنہ محرکات بھی فوری طور پر واضح نہیں ہو سکے۔
رپورٹس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں گھر کے گیٹ اور ڈرائیو وے میں کھڑی ایک گاڑی پر گولیوں کے نشانات بھی ملے۔ پولیس نے گاڑی کی تلاشی کے دوران ایک اسالٹ رائفل اور متعدد خول بھی برآمد کیے۔
Woman armed with AR-15 rifle fires gunshots into Rihanna's California homehttps://t.co/c5Eyzl4973
— Sky News (@SkyNews) March 9, 2026
ریحانہ اپنے ساتھی ریپر اساپ روکی اور اپنے تین بچوں کے ساتھ اسی گھر میں رہتی ہیں۔ اس جوڑے کے دو بیٹے اور جبکہ چند ماہ قبل پیدا ہونے والی ایک بیٹی بھی ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں جب ریحانہ کے گھر سے متعلق کوئی سنجیدہ واقعہ سامنے آیا ہو۔ 2018 میں بھی ایک شخص ان کے ہالی ووڈ ہلز میں واقع گھر میں باڑ پھلانگ کر داخل ہو گیا تھا اور تقریباً بارہ گھنٹے تک گھر کے اندر موجود رہا تھا۔ بعد ازاں اس شخص کو گرفتار کر کے عدالت نے اسے ریحانہ سے دس سال تک دور رہنے کا حکم دیا تھا۔
حکام کے مطابق خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تاحال ریحانہ یا ان کے نمائندوں کی جانب سے اس واقعے پر باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل