Loading
اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین اور جامعہ نعیمیہ لاہور کے مہتمم ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ صدقہ اور زکوٰۃ میں بنیادی فرق ہے۔
ایکسپریس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے بتایا کہ زکوٰۃ کی رقم اور اس کے مستحقین شریعت میں متعین ہیں جبکہ صدقہ نفلی خیرات ہے جو اللہ کی رضا کے لیے کسی بھی مقدار میں دیا جا سکتا ہے۔
ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ صدقہ انسان کی جان اور مال دونوں کا ہوتا ہے اور اس کا مقصد مشکلات اور مصیبتوں کو دور کرنا ہے۔ صدقہ صرف رقم کی صورت میں ہی نہیں بلکہ کپڑوں، اشیائے ضرورت، طلبہ کی کتابوں یا کسی شخص کو روزگار کے لیے مشین یا سامان فراہم کرنے کی صورت میں بھی دیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زکوٰۃ کے مستحقین کا ذکر قرآن مجید میں 8 طبقات کی صورت میں کیا گیا ہے جن میں مساکین، فقرا، قرض دار، اللہ کی راہ میں کام کرنے والے افراد اور دیگر مستحق طبقات شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ زکوٰۃ انہی افراد کو دی جانی چاہیے جنہیں شریعت نے مستحق قرار دیا ہے۔
ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ ناجائز ذرائع سے کمائے گئے مال سے کی جانے والی نیکی اللہ کے ہاں قابل قبول نہیں ہوتی۔ اگر کوئی شخص حرام آمدن سے خیرات یا زکوٰۃ دیتا ہے تو اس سے ثواب حاصل نہیں ہوتا بلکہ وہ گناہ کا باعث بنتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے میں یہ رجحان بھی دیکھا جا رہا ہے کہ کچھ لوگ صرف اس وجہ سے امداد لے لیتے ہیں کہ چیز مفت مل رہی ہے، حالانکہ وہ اس کے مستحق نہیں ہوتے۔ ان کا کہنا تھا کہ زکوٰۃ دینے والے افراد کی ذمہ داری ہے کہ وہ مستحقین کی درست جانچ پڑتال کریں تاکہ زکوٰۃ صحیح لوگوں تک پہنچ سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو شخص خود صاحب حیثیت ہو اسے زکوٰۃ نہیں لینی چاہیے، البتہ نفلی صدقہ ضرورت کے مطابق لیا جا سکتا ہے۔ پیشہ ور بھکاریوں کو صدقہ اور زکوٰۃ دینے سے گریز کرنا چاہیے اور ایسے سفید پوش افراد کو تلاش کرنا چاہیے جو اپنی ضرورت کے باوجود لوگوں کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلاتے۔
فطرانے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ جو بچہ عید کی نماز سے پہلے پیدا ہو جائے اس کا فطرانہ بھی ادا کرنا ضروری ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عموماً باپ اپنے زیر کفالت بچوں کی طرف سے فطرانہ ادا کرتا ہے جبکہ عورت اپنا فطرانہ خود ادا کر سکتی ہے، تاہم اگر شوہر ادا کر دے تو وہ بھی درست ہے۔
انہوں نے کہا کہ فطرانہ دراصل روزوں کی کوتاہیوں کی تلافی اور مستحق افراد کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنے کا ذریعہ ہے تاکہ وہ بھی کھانے پینے اور ضروریات زندگی کا بندوبست کر سکیں۔
سرکاری نظام زکوٰۃ کے بارے میں سوال کے جواب میں ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ حکومت کے زکوٰۃ نظام کے بارے میں بعض تحفظات پائے جاتے ہیں، تاہم زکوٰۃ کی رقم مختلف اداروں، اسپتالوں اور فنی تربیت کے مراکز کے ذریعے مستحق افراد تک پہنچائی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آبادی زیادہ اور زکوٰۃ کی مجموعی رقم محدود ہونے کے باعث فی کس امداد کم محسوس ہوتی ہے، جس سے لوگوں کو یہ تاثر ملتا ہے کہ زکوٰۃ کی رقم صحیح طریقے سے تقسیم نہیں ہو رہی۔
انہوں نے کہا کہ زکوٰۃ کی رقم بینکوں کے ذریعے جمع ہو کر صوبوں اور مقامی کمیٹیوں تک پہنچتی ہے جہاں آبادی کے تناسب سے اسے تقسیم کیا جاتا ہے، اس لیے اس نظام پر اعتماد کرتے ہوئے اس کی بہتری کے لیے تجاویز دینا بھی ضروری ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل